بلدیاتی نظام کی بہتری کیلئے تمام علاقوں میں بلاتفریق کام کررہے ہیں،چئیرمین بلدیہ شرقی

بدھ 16 مئی 2018 18:11

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کی بہتری کیلئے تمام علاقوں میں بلاتفریق کام کررہے ہیں،فراہمی و نکاسی آب کے لئے لائحہ عمل مرتب کرکے لائنوں کی تبدیلی کا کام کر وارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 20 نشتر بستی، گلشن اقبال بلاک 4A اور یوسی 29 میں ترقیاتی کاموں اور بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

دورے کے دوران چیئرمین معید انور نے گلی گلی جا کر عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کرتے رہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق عوام کی ضروریات کی پیش نظر نشتر بستی میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کا کام یقینی بنایا گیا ہے جبکہ مزید ضروریات کو دیکھتے ہوئے دیگر ترقیاتی کاموں کو بھی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے علاقے میں فراہمی آب کی لائنوں کو بھی تبدیل کرکے سڑک کی استرکاری کی ہدایات دیں جبکہ صفائی و ستھرائی کی ناقص صورتحال کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ کے متعلقہ حکام کو ڈسٹ بن نصب کرنے کی ہدایات دیں مزید براں انہوں نے گلشن اقبال بلاک 4A میں سیوریج کے مسائل کا نوٹس لیا جہاں گٹر ابلنے کے سبب سیوریج کا پانی سڑک پر جمع ہوگیا تھا اور علاقہ مکینوں کو متاثر کر رہا تھا ، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر لائنوں کی تنصیب کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں علاوہ ازیں انہوں نے یوسی 29 میں نئی لائیٹوں کی تنصیب مکمل ہونے پر کاموں ک افتتاح کیا اور موقع پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وہی کام کیا جو آپ لوگوں کا حق ہے اور اسی منشور کے تحت عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں اس موقع پر انکے ہمراہ بلدیہ شرقی کے افسران سمیت منتخب نمائندگان بھی موجود تھے۔