رمضان المبارک میں عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائوں کی اپیل ہے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

بدھ 16 مئی 2018 18:12

رمضان المبارک میں عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائوں کی اپیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے تمام عالم اسلام کو ’’رمضان کریم‘‘ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔یہ عافیہ کا قید تنہائی میں 16واں رمضان المبارک گذرے گا، میں وزارت خارجہ کے حکام سے درخواست کرتی ہوں کہ عافیہ کو امریکی جیل میں رمضان المبارک کی اطلاع پہنچائیں اورمذہبی آزادی کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عافیہ کو جیل میں سحری، افطار، نماز ، تلاوت اوردیگر عبادت کی اجازت اور سہولت مہیا کی جائے۔

میں اس موقع پر علمائے کرام اور ائمہ مساجد سے بھی پاکستان اور عالم اسلام میں امن ، سلامتی ، دنیا بھر میں بے گناہ قیدیوں کی رہائی ، لاپتہ افراد کی بازیابی اور عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے سحری و افطاری، فرض نمازوں اور تراویح میں خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کرتی ہوں۔

(جاری ہے)

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ہم رمضان المبارک کا آغاز اس طرح کررہے ہیں کہ فلسطین، شام اور کشمیرمیں نہتے مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ عراق، برما، لیبیا،یمن اور افغانستان کے مسلمانوں کی حالت زار افسوسناک ہے جبکہ عالم اسلام کے حکمران مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے فریضہ سے مکمل غفلت برت رہے ہیں۔