کمشنر کراچی نے رمضان المبارک کیلئے اشیا خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین کردیا

بدھ 16 مئی 2018 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے رمضان المبارک کے لیے اشیا خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین کردیا ہے۔کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کی فہرست میں مکس پکوڑے، سموسے، کھجلہ، پھینی، دال چنہ، چینی، سفید کابلی چنے اور بیسن اور دیگر اشیا کی قیمتیں مقرر کی گئیں ہیں۔مکس پکوڑوں کی قیمت دو سو روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ سموسے کی فی درجن قیمت ایک سو بیس روپے طے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دال چنا اپنی پرانی قیمت پچانوے روپے کلو، سفید کابلی چنے کی قیمت ایک سو پچاس روپے کلو پر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ چینی کی قیمت میں ایک روپے فی کلو اضافہ کرتے ہوئے رقم بڑھا کر تریپن روپے کردی گئی ہے۔رمضان میں بیسن کی فی کلو قیمت ایک سو بیس روپے سے کم کرکے سو روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔رمضان المبارک میں سحری کی سوغات کھجلے کی فی کلو قیمت تین سو روپے اور پھینی کی قیمت تین سو بارہ روپے فی کلو مقرر کی گئی۔یاد رہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو جاری فہرست پر عمل درآمد یکم رمضان سے ہوگا۔