نارتھ ناظم آباد میں دوہرے قتل کیس میں مقتولہ رابعہ کے والد اور کزن گرفتار

ملزمان قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہے تھے ، متضاد بیانات کے شبہ میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا

بدھ 16 مئی 2018 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) کراچی پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں دوہرے قتل کیس میں مقتولہ رابعہ کے والد اور کزن کو گرفتار کر لیاہے۔ ملزمان قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہے تھے ، متضاد بیانات کے شبہ میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حیدری کے علاقے بلاک ایچ میں چندروز قبل گھر کے اندرنسرین اور رابعہ کے قتل کے الزام میں پولیس نے رابعہ کے والد عرب گل اور اسکے کزن زاہد کو گرفتار کر لیا ،پولیس کے مطابق ملزم عرب گل کو شک تھا کہ رابعہ نسرین کے بھائی سے رابطہ میں ہے اور نسرین کو اس بات کا علم ہے جس پر رابعہ کے والد عرب گل نے نسرین کو گھر بلایا تھا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران گھر سے ایک پستول اور گولیوں سے بھرے دو میگزین بھی ملے ہیں اور جس وقت قتل کی واردات ہوئی اس وقت رابعہ کا کزن زاہد اور والد عرب گل دونوں موجود تھے ۔قتل کی واردات کے بعد اہلخانہ کا پولیس سے تعاون نہ کرنا اور مقدمہ درج نہ کروانا بھی پولیس کو شک میں مبتلا کر چکا تھا ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف عدالت سے 4 روز کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور برآمد ہونے والی پستول بھی فرانزک کے لیئے بھیج دی گئی ہے۔