اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور مردان کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی

بدھ 16 مئی 2018 18:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور مردان کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔ وزارت پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق مظفر گڑھ گڈو ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے نتیجے میں بجلی کانظام متاثر ہوا۔ نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے کنٹرول روم میں سیکرٹری پاور ڈویژن بجلی کی فراہمی اور سسٹم میں پائی جانے والی خرابی کو دور کرنے کے تمام عمل کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کررہے۔

ایم ڈی این ٹی ڈی سی، جنرل منیجر این پی سی سی اور ان کی پوری ٹیم بھی اس سلسلہ میں متحرک رہی جس کے بعد اسلام آباد، لاہور، ملتان، راولپنڈی، مردان سمیت مختلف علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بجلی کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت پاور ڈویژن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 500کے وی کی غازی بروتھا لائن سے بجلی بحال ہو گئی ہے ،ْ سسٹم میں خرابی کی وجوہات جاننے کے لئے پاور ڈویژن کی چاررکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ بجلی کی فراہمی کا پورا نظام اب بہتری کی طرف جا رہا ہے اور پیداوار 12000میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے ۔غازی بروتھا، تربیلا اور منگلہ کو بھی بجلی کے نظام سے منسلک کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظفر گڑھ گڈو ٹرانسمیشن لائن میں خرابی سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے ،ْ جنوبی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور سسٹم کے مطابق بجلی کا نظام بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بلوچستان اور سندھ میں بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی ،ْ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بجلی کی بتدریج بحالی کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔