فل گاسپل اسمبلی چرچ اسلام آباد کے زیر اہتمام ماں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد

بدھ 16 مئی 2018 18:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ماں ایک ایسی ہستی ہے جو خریدی نہیں جا سکتی، یہ الله تعالیٰ کی جانب سے ایک عظیم اور انمول تحفہ ہے جس کی محبت بے لوث ہے، ماں کی دعائیں آسانیاں پیدا کرتی ہیں اور اس کا غصہ ہمیشہ اولاد کی بھلائی کیلئے ہوتا ہے بلکہ ماں ہی ایسی ہستی ہے جس کی عزت و احترام سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتا ہے، ماں کا سایہ خدا کی رحمت ہے، ماں باپ کی عزت و احترام جنت کے دروازے تک پہنچنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے فل گاسپل اسمبلی چرچ اسلام آباد، چمن روڈ،G-8/1 کے زیر اہتمام ماں کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کی جانے والی ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان کی مشہور ڈرامہ نگار حسینہ معین، سابق ممبر سی ڈی اے بورڈ و جوائنٹ سیکرٹری گورنمنٹ آف پاکستان سیّد مصطفین کاظمی، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، اسلام آباد کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (صدر) کیپٹن (ر) عامرخان نیازی، ایس ڈی پی او تھانہ مارگلہ، ہیومن ریسورس آفیسر (ایچ آر او) پولیس سٹیشن کراچی کمپنی، ویمن پولیس سٹیشن کی ہیومن رائٹس کمیٹی کی ممبران، پاسٹر رضوان خورشید، پاسٹر سلامت گل، ایلڈر عنایت، ایلڈر سیموئیل، محبوب عالم ، سرفراز گل دوسرے چرچز کے پاسٹرز، مقامی عوامی منتخب نمائندوں کے علاوہ چرچ کے ممبران اور تنظیموں کے عہدیداران کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے ماں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی عزت کرنے سے ہی برکات کے دروازے کھل جاتے ہیں، زندگی میں کامیابیوں کا راز ماں کی عزت میں ہی مضمر ہے، صرف والدین کی شفقت اور محبت ہی بے لوث ہوتی ہے ورنہ زندگی میں ہر محبت کسی نہ کسی مقصد کے ساتھ منسوب ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین، بچوں اور اقلیتوں کو فوری ریلیف بہم پہنچانے کیلئے اسلام آباد پولیس کی قائم کردہ ہیلپ لائن8090 کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا کہ جہاں خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے مسائل سے متعلق کال کی جا سکتی ہے اور وہاں سے فوری مدد کیلئے ٹیم روانہ ہو جاتی ہے اور ممکنہ معاونت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانونی تحفظ کے ساتھ ساتھ پولیس کا عملہ ممکن دیگر مدد بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے خواتین کے پولیس سٹیشن میں ہیومن رائٹس کمیٹی کے زیر اہتمام سائیکالوجسٹ، وکلاء اور دیگر فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے خواتین،بچوں اور اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشش کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں پاکستان کی مشہور ڈرامہ نگار حسینہ معین، سابق ممبر سی ڈی اے بورڈو جوائنٹ سیکرٹری سیّد مصطفین کاظمی، سی ڈی اے کے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے ماں کے عالمی دن کے حوالہ سے ماں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور فل گاسپل اسمبلی چرچ اسلام آباد، چمن روڈ،G-8/1 کے پاسٹر رضوان خورشید نے اس موقع پر ازروئے بائیبل مقدس ماں باپ کی عزت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے برکات سے متعلق روشنی ڈالی کہ جو نسل اپنے بزرگوں اور والدین کی عزت و احترام کرتی ہے وہی مستقبل میں اسی عزت کو پانے کا موقع بھی حاصل کرتی ہے۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانان خصوصی ڈاکٹر سلیمان اعظم تمیوری، حسینہ معین اور سید مصطفین کاظمی نے سینئر ماؤں کو تحائف دینے کے ساتھ ان کی عظمت کو سلام پیش کیا۔ اس موقع پر کلاس اول تا ہشتم جماعتوں میں اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور اپنے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چرچ ممبران کو تعریفی ایوارڈ بھی دیئے گئے تاکہ دوسروں کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہوں اور معاشرے میں امن اور آشتی کے ساتھ ساتھ ترقی اور استحکام کی فضاء کو فروغ حاصل ہو سکے۔