نامکمل میگا پراجیکٹ اورنج لائن کا افتتاح قوم سے مذاق ہے ،میاں کامران سیف

بدھ 16 مئی 2018 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ نامکمل میگا پراجیکٹ اورنج لائن ٹرین کا افتتاح قوم سے مذاق ہے ۔اورنج لائن کا آدھے سے زیادہ روٹ لکشمی چوک سے لیکر آخری سٹاپ تک نامکمل ہے اور اورنج لائن ٹرین روٹ سے ملحقہ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں اور عوام روزانہ حادثات کا شکار اور ٹریفک جام کے مسائل سے دوچار ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میاں کامران سیف نے کہا کہ اربوں روپے خرچ کے باوجود اورنج لائن ٹرین ماہ جون تک بھی فعال نہیں ہوگی تو اس سے ہزاروں لاکھوں افراد کس طرح فائدہ اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عوام کو اورنج لائن ٹرین کی بجائے بجلی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو تکالیف میں مبتلا کردیا ہے۔6ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا اعلان کرنے والے اپنی5سالہ دور حکومت مکمل کرنے والے ہیں چند یوم باقی ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ پہلے سے زیادہ ہورہی ہے نگران دور میں لوڈ شیڈنگ بد سے بدترین ہوجائے گی کیونکہ پاور سیکٹر کے گردشی قرضی400ارب سے تجاوز کرچکے ہیں جن کی ادائیگی آنے والی حکومتیں بھی کرنے سے قاصر ہونگی اور عوام لوڈشیڈنگ کا عذ اب بھگتیں گے ۔

عوام ایسے حکمرانوں کو انتخابات میں مسترد کرکے جاتی عمرہ پہنچا کر اپنا فریضہ سرانجام دینگے۔