بجلی کے طویل بریک ڈائون کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا

مساجد اور ہسپتالوں میں پانی کی قلت،موبائل ٹاورز کی بیٹریاں جواب دے گئیں ،سگنل غائب ،انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی

بدھ 16 مئی 2018 20:34

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) بدھ کو بجلی کے طویل بریک ڈائون کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ، گھروں ،تعلیمی اداروں ،مساجد اور ہسپتالوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ،متبادل نظام بھی جواب دے گئے ،سی این جی اسٹیشنز اور پٹرول پمپس بند جبکہ متعدد علاقوں میں موبائل سگنلز بھی غائب ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اے پی پی کے مطابق بدھ کوشہر ،چکلالہ و راولپنڈی کینٹ و مضافاتی علاقوں میں بھی بجلی کا طویل بریک ڈائون ہوا اور بدھ کی صبح غائب ہونے والی بجلی شام تقریباً 5:30پر بحال ہونا شروع ہوئی ۔

شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پاور بریک ڈائون کی وجہ سے شہری و مضافاتی علاقں میں نصب موبائل ٹاورز کی بیٹریاں بھی جواب دے گئیں جس کی وجہ سے اکثر علاقوں میں موبائل سگنل غائب ہو گئے اورانٹرنیٹ سروس بھی معطل ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں میں مختلف افواہیں گردش کرنے لگیں ۔شہریوں نے بتایاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی اور مساجد میں نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔