پاکستان اور آذربائیجان کے باہمی تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے ، علی علیزادے

سیاحت کے فروغ کے لیے آذربائیجان کے اقدامات کی بدولت ایک برس میں بیس لاکھ سیاح آذربائیجان آئے

بدھ 16 مئی 2018 20:34

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علیزادے نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ ، گہرے اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں ،تجارتی روابط بڑھانے کے لیے باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ کرنا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان کے ساتھ گفتگو میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ،سیاحت کے فروغ کے لیے آذربائیجان حکومت نے سیاحوں کے لیے ائیرپورٹ پر آسان ویزہ کی سہولت دے رکھی ہے پاکستانی تاجر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ایک سال میں تقریبا بیس لاکھ سیاح آذربائیجان آئے۔

(جاری ہے)

سفیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان دوست ممالک ہیں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مستحکم بنانے کے لیے باہمی روابط کو فروغ دینا ہو گا ۔

صدر چیمبر زاہد لطیف خان نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی چیمبراس سال جولائی کے اوائل میں باکو شہر میں بزنس کانفرنس اور ایوارڈ تقریب منعقد کرنے کا خواہشمند ہے دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری رابطوں خاص طور پر چیمبر آف کامرس کی سطح پر باہمی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارتی حجم میں اضافے کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔