امریکہ نے اسرائیل مخالف قراردادویٹوکرکے نفرت اور تعصب کامظاہرہ کیاہے‘میاں مقصود احمد

مسلم دشمن قوتیں اسلام اور مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب کی لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو

بدھ 16 مئی 2018 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کاقتل عام انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے،امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ سی60افراد کی شہات عالمی برادری کی بے حسی کامنہ بولتاثبوت اور امن کے علمبردار ممالک،این جی اوز کے منہ پرزوردار تھپڑہے،غزہ میں صیہونی دہشتگردی کو امریکہ سمیت دیگر اسلام دشمن قوتوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کی جانب سے اسرائیلی مظالم کے خلاف قراردادکوویٹوکرنااس بات کی عکاسی کرتاہے کہ اس دہشتگردی کی پیچھے امریکہ کاہی ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم سے لے کر صدارت کاحلف اٹھانے اور عالمی معاملات پر امریکی پالیسیاںترتیب دینے تک ہرمرحلے پر اسلام اور مسلمانوں سے نفرت اور تعصب کامظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ اس ساری صورتحال پر عالمی برادری کو اعتماد میں لے۔دنیا کو تیسری صلیبی جنگ کی طرف لے جایاجارہاہے۔دنیا بھر میں دہشتگردی کو سب سے زیادہ سپورٹ کرنے والا امریکہ اور اس کے اتحادی ہیں۔ اگر امریکہ،اسرائیل اور بھارت پُرتشددکارروائیوں کاسلسلہ چھوڑ کر پُرامن ہوجائیں تو پوری دنیا امن وآشتی کاگہوارہ بن جائے گی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کئی بار فلسطینیوں کے لیے ایک الگ ریاست کے حق میں قراردادیں منظورکرچکی ہے جبکہ اسرائیل نے کسی کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹرکی کھلم کھلاخلاف ورزی کی اورمسلسل کرتاچلاآرہاہے۔عالمی برادری نے اپنامثبت کرداراداکرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحدہوکر اقدام نہ اٹھایا تو اسے اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کی شہ ملے گی۔

میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ مسلم دشمن قوتیں اسلام اورمسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہیں۔ او آئی سی اور عرب لیگ کو اس حوالے سے حقیقی معنوں میں مظلوم مسلمانوں کے حق میں بولناچاہئے اور اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کوخاک میں ملانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں ۔اب وقت آگیاہے کہ اتحادامت کامظاہرہ کرتے ہوئے کفار کی تمام سازشوں کوناکام بنایاجائے۔