پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور متحدہ نے مل کر کراچی کو قبل مسیح کے دور میں پہنچا دیا ہے،فردوس شمیم نقوی

بدھ 16 مئی 2018 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور متحدہ نے مل کر کراچی کو قبل مسیح کے دور میں پہنچا دیا ہے۔ ایک طرف میئر کراچی نے اربوں کا فنڈ استعمال تو کیا لیکن کہاں ، وہ معلوم نہیں۔ کم از کم کراچی کی ترقی کے منصوبوں میں وہ کہیں نظر نہیں آتا۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام الناس کو بجلی، پانی اور سستی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء بھی فراہم نہیں کر پائی۔ کے الیکٹرک کی طرف سے بدستور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور گھنٹوں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے اہم عہدیداران و کارکنان سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی نے مہنگائی اتنی بڑھا دی ہے کہ شہری پھٹے ہوئے کپڑوں کے ساتھ کھلے آسمان تلے بھوکے پیٹ سونے پر مجبور ہیں۔ کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی کمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے ہوئے شہری سڑکوں پرنکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔

آج کراچی کے شہری صحرائے تھر کے رہنے والوں کی طرح دور دراز سے پانی بھر بھر کر لا رہے ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور شہری لوڈ شیڈنگ سے نڈھال ہیں۔ مہنگائی نے کراچی کے شہریوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ضروریاتِ زندگی کی بنیادی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطارکے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اور ضروریاتِ زندگی کی بنیادی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کی جائے۔

حکومت کو چاہئے کہ رمضان المبارک کے دوران کراچی کے شہریوں کے لیے رعایتی پیکیج کا اعلان کرے۔کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے جہاں پورے پاکستان سے آئے ہوئے لوگ رہتے اور زندگی گزارتے ہیں۔ اگر آپ نے کراچی کے ساتھ انصاف نہ کیا تو یہ پورے پاکستان سے ناانصافی کے مترادف ہوگا۔