سرکی کلاں کا ٹیوب ویل دو ہفتے سے خراب،علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

بدھ 16 مئی 2018 20:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) بی این پی سرکی کلاں کے یونٹ سیکرٹری قدرت الله مینگل، ڈپٹی یونٹ سیکرٹری شہزاد مینگل، کونسلر دوست محمد، حاجی شفاع،ظہور احمد اور دیگر اہل علاقہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سرکی کلاں کا ٹیوب ویل گذشتہ دو ہفتے سے خراب ہے اور عوام پانی کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں اس ٹیوب ویل سے تین انچ پائپ کے ذریعے پورے علاقے کو پانی فراہم کیا جاتا تھا گذشتہ دور میں مبیہ ملی بھگت سے ٹیوب ویل کے پائپ تبدیل کرکے دو انچ کردیئے گئے جس سے پانی اب چند گلیوں تک مخصوص کردیا گیا ہے وہ بھی گذشتہ کئی ہفتوں سے بند ہے عوام ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیوب ویل کو فعال بنایا جائے اور عوام کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکی کلاں میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے مگر کرپشن کیلئے مختلف بہانے بنائے جارہے ہیں اُنہوں نے صوبائی وزیر واسا اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ خدارا اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کا مسئلہ حل کرایا جائے تاکہ ماہ رمضان میں اہل علاقہ کو پانی کے حوالے سے در بدر کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں۔

متعلقہ عنوان :