بلند وبانگ دعوئوں کے باوجود تجاوزات مافیا کے خلاف موثر کارروائی نہ کی جاسکی

راجہ بازار ، اقبال روڈ ، سٹی صدر روڈ ،سرکلر روڈ ،باڑہ مارکیٹ ،صادق آباد ،کری روڈ ،صدر ،ٹنچ بھاٹہ کے علاقے تجاوزات کی زد میں

بدھ 16 مئی 2018 20:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) واضح عدالتی احکامات کے باوجود شہر کے مختلف حصوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ کرایا جا سکا ،راجہ بازار ، اقبال روڈ ، سٹی صدر روڈ ،سرکلر روڈ ،باڑہ مارکیٹ ،صادق آباد ،کری روڈ ،صدر ،ٹنچ بھاٹہ ،ڈھوک سیداں ،کمال آباد ،بائیس نمبر چونگی ، لالکڑتی ،ٹاھلی موہری ،مصریال روڈ ،چوہڑ چوک ،کمیٹی چوک ،مری روڈ سمیت شہر و کینٹ کے دیگر علاقوں میں تجاوزات مافیا بدستور براجمان ہے اور انتظامی سطح پر تجاوزات کے خلاف کوئی قابل ذکر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ۔

عدالت عالیہ کے جسٹس عبادالرحمن لودھی نے چند ماہ قبل اپنے دورے کے دوران سٹی ٹریفک پولیس کو باڑہ بازار میں سوزوکیوں کی چار رویہ پارکنگ پر بھی پابندی عائد کرنے اور سرکلر روڈ پر موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی پارکنگ بند کرانے اور فٹ پاتھ واگذار کرانے کے احکامات دیئے تھے تاھم حیران کن طور پر انتظامیہ تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے اور شہر کے تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے حوالے سے کوئی واضح تبدیلی کرنے میں یکسر ناکام ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبادالرحمن لودھی نے اگست 2016میں بھی ایک عدالتی حکم نامے کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو راولپنڈی شہر و کینٹ کی سڑکوں اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک کرنے کا پابند کیا تھا تاھم کینٹ ، شہرراول اور پوٹھوہار ٹائون کے علاقوں سے تجاوزات ختم کرانے ،نالوں کی صفائی کرانے اور سڑکوں سے غیر ضروری سپیڈ بریکرزہٹانے کے عدالتی احکامات کی عدم پیروی پر فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کیا تھا ۔

شہریوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ عدالتی احکامات کے باوجود شہر اور کینٹ ایریاز میں تجاوزات کی بھرمار دیکھی جا سکتی ہے ۔شہریوں نے کہاکہ نالوں میں گندگی ،غیر قانونی پارکنگ اور سڑکوں پر لگی بڑی کیٹ آئیزو غیر قانونی سپیڈ بریکرز بھی شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہے ہیں ۔ شہریوںنے اے پی پی کو بتایاکہ تجاوزات مافیا نے باڑہ مارکیٹ ،نمک منڈی ،نرنکاری بازار ،فوارہ چوک ،ٹرنک بازار ،جامع مسجد روڈ ،صادق آباد ،مسلم ٹائون ،کمرشل مارکیٹ ،سید پور روڈ ،خیابان سرسید ،اصغر مال روڈ ،صادق آباد ،مسلم ٹائون اور باغ سرداراں جبکہ کینٹ کے علاقوں ٹنچ بھاٹہ ،کمال آباد ،ڈھوک سیداں ،شیر زمان کالونی ،چوہڑ چوک ،چونگی نمبر 22،ڈھیری حسن آباد میں فٹ پاتھوں اور کھلے مقامات پر قبضہ کر رکھا ہے ۔

انسداد تجاوزات کے حوالے سے جب میونسپل کارپوریشن اور کینٹ بورڈ حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے سرکاری خبر ایجنسی کو بتایاکہ وہ تجاوزات کے خلاف باقاعدگی سے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور تجاوز کنندگان کو جرمانے بھی کیے جاتے ہیں تاھم تجاوز کنندگان باز نہیں آتے ۔ذرائع نے دعویٰ کیاکہ شہر کی معتبر شخصیات کی آشیر باد کی وجہ سے تجاوزات مافیا مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جا رہاہے دوسری جانب دکانداروں نے بھی تجاوزات مافیا کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تجاوزات کی وجہ سے سڑکیں سکڑ کر رہ گئی ہیں جس سے گاہکوں کو مسائل لاحق ہوتے ہیں اور وہ مصروف بازاروں کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں ۔