حب میں ہندو برادری کے دو افراد کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی گئی

بدھ 16 مئی 2018 20:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) بلوچستان کے علاقے حب میں ہندو برادری کے دو افراد کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی گئی، قرارداد فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی نے جمع کرائی۔ قرارداد کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی تائید کی۔

(جاری ہے)

نند کمار گوکلانی نے قرارداد کے زریعے بلوچستان حکومت سے صوبے میں بسنے والی ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے اور حب میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی برادری کے جے پال اور اسکے جواں سال بیٹے درشن لعل کے قتل پر اقلیتی برادری کو سخت تشویش ہے حالیہ دنوں میں اس قسم کے واقعات میں اضافے سے ہندو برادری میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہورہا ہے بلوچستان حکومت نہ صرف اس گھناونے واقعہ کی تحقیقات کرے بلکہ ہندو برادری کو تحفظ بھی فراہم کرے۔

نند کمار گوکلانی نے مزید کہا کہ ہندو پرامن برادری ہے وہ صوبے میں امن کے خواہاں ہیں اس قسم کے واقعات سے ہماری برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے صوبائی حکومت فی الفور ایسے واقعات پر نہ صرف قابو ہائے بلکہ اقلیتی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔