تمام اضلاع میں جاری صفائی مہم کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر میونسپل سیکریٹریٹ میں رپورٹس موصول ہورہی ہیں ،میونسپل کمشنرکراچی

بدھ 16 مئی 2018 20:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں 11 مئی سے شروع ہونے والی صفائی مہم کے دوران مختلف مقامات سے مرکزی شاہراہوں اور اطراف میں موجود ملبہ کو صاف کرنے کے علاوہ غیر استعمال شدہ گاڑیوں کے ڈھانچے، پرانے فرنیچر، مختلف اقسام کے تجاوزات، جھاڑیاں اور کوڑا کرکٹ کو اٹھایا جارہا ہے، تمام اضلاع میں جاری صفائی مہم کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر میونسپل سیکریٹریٹ میں رپورٹس موصول ہورہی ہیں ، تمام متعلقہ اداروں کو بنائے گئے ورک پلان کے مطابق صفائی ستھرائی کا کام انجام دینے کی ہدایت کردی گئی ہے جس کا باقاعدہ سے جائزہ بھی لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ تمام اضلاع میں کچرا اور ملبہ اٹھانے کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے گا،یہ بات انہوں نے مختلف اضلاع کے دورے کے موقع پرصفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ضلع جنوبی میں جن علاقوں میں صفائی کا عمل مکمل کیا گیا ان میں سول لائن، گارڈن، لیاری، آرام باغ اور صدر کے علاقے شامل ہیں، ضلع جنوبی میں نشاندہی کئے گئے کل 1673 مقامات پر سے بیشتر مقامات سے ملبہ اور کچرا صاف کردیا گیا ہے جبکہ باقی رہ جانے والے مقامات پر بھی صفائی کا عمل تیزی جاری ہے، جبکہ ضلع کورنگی میں قیوم آباد ،پانچ ہزار روڈ کورنگی ، اٹک پیٹرول پمپ کورنگی کراسنگ ، ناتھا خان اور کنٹونمنٹ بورڈ الفلاح سوسائٹی، 13ہزار روڈ، کورنگی نمبر5 سے سنگرچورنگی تک، لانڈھی نمبر2 نزد اربن ہیلتھ سینٹر اور کارڈیو اسپتال، کلو چوک کورنگی نمبر4 ، ماڈل کالونی موڑ سے ملیر ہالٹ تک اور سعود آباد مین روڈسے بڑی مقدار میں تعمیراتی میٹریل ، ناکارہ گاڑیاں، ملبہ اور کچرا مکمل طور پر صاف کردیا گیا، اسی طرح ضلع شرقی میں جمشید کوارٹر، فیروزآباد، گلشن اقبال، گلزار ہجری کے علاقوں سے ملبہ، ناکارہ گاڑیوں کے ڈھانچے اور دیگر کچرا ہٹا دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں کیفے پیالہ تا گلبرگ چورنگی ، شاہراہ پاکستان، علامہ شاہ ترابی روڈ، شیر شاہ سوری روڈ، شاہراہ نور جہاں، پیالہ ہوٹل تا پیپلز چورنگی اور سخی حسن چورنگی تک ، فائیو اسٹار تک شپ اونر کالج، کے ڈی اے چورنگی تا اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، ناگن چورنگی تا انڈہ موڑ، نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز ، سر شاہ سلیمان روڈ، حکیم ابن سینا روڈ، نواب صدیق علی خان روڈ، الطاف بریلوی روڈ کے اطراف سے 200 سے زائد ڈمپرز 10 سے زائد ٹرالی کچرا اٹھایا گیا جبکہ سڑکوں پر لگی ہورڈنگز، کیبلز، گنے کے جو ش کی مشینیں ، پنکچر شاپس، ناکارہ گاڑیاں، بینرز، پتھارے، ناکارہ فرنیچر، تعمیراتی میٹریل، تھلے اور ٹائر شاپس کا بھی خاتمہ کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر میں بھی 11 مئی سے شروع ہونے والی مہم کے دوران قیوم آباد برج اور اطراف کے علاقوں ، فلک ناز اپارٹمنٹ ، شارع فیصل، ملیر کنٹونمنٹ ، کے این اکیڈمی، یوسی جام مراد علی، اسٹیل ٹائون، گلشن حدید، پپری، یوسی مراد میمن، چاند پاڑہ، رزاق آباد، نیشنل ہائی وے، درسننا حاجی شیدی گوٹھ، در محمد گوٹھ، ملیر ندی میمن گوٹھ، مارو گوٹھ گڈاپ، ملیر کورٹ این فائیو، مہران ہائی وے اور دیگر علاقوں سے بڑی مقدار میں کچرا ،ملبہ اور ناکارہ گاڑیاں اور دیگر سامان ہٹا دیا گیا، انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے کچرا اٹھانے میں متعلقہ عملے کی جانب سے کوتاہی برتی گئی تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دنوں میں صفائی کا یہ عمل شہر کے تمام چھ اضلاع میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس میں شہری سہولتوں کی فراہمی کے مختلف ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صفائی کے اس عمل کو وہ خود مانیٹر کررہے ہیں اور تمام 6 اضلاع میں صفائی مہم کے کاموں کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں،اس صفائی مہم میں اس بات کو خاص طور پر اہمیت دی جارہی ہے کہ شہر کی وہ بڑی شاہراہیں جو اس شہر کا چہرہ ہیں انہیں بالحضوص توجہ کے ساتھ صاف کیا جائے اور تجاوزات اور غیر استعمال شدہ اشیاء کے انبار کو وہاں سے ہٹالیا جائے۔