آمدہ بجٹ میں آزادکشمیر کے اساتذہ کے سکیلوں کو گلگت کے برابر کیا جائے ‘گلگت کے مساوی ٹائم سکیل دینے کی منظوری دی جائے ‘ بیوروکریسی اساتذہ کے حقوق کے راہ میں رکاوٹ ہے

ْسکول ٹیچرز آرگنائز یشن آزادکشمیر کے صدر سردار محمد عارف شاہین کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 16 مئی 2018 21:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) سکول ٹیچرز آرگنائز یشن آزادکشمیر کے مرکزی صدر سردار محمد عارف شاہین نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آمدہ بجٹ میں آزادکشمیر کے اساتذہ کے سکیلوں کو گلگت کے برابر کیا جائے اور گلگت کے مساوی ٹائم سکیل دینے کی منظوری دی جائے ۔

بیوروکریسی اساتذہ کے حقوق کے راہ میں رکاوٹ ہے ۔ وزیراعظم نوٹس لیں۔ حکم امتناعی کے باوجود 530ایڈہاک تقرریا ں کر کے اساتذہ کی ترقیابی کے راستے بند کردئیے گئے ہیں۔ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے اگر ہمیں ہمارے حقوق نہ ملے تو عدالت رجوع کرنے کیساتھ ساتھ احتجاج کرتے ہوئے آخری حد تک جائیں گے ۔درست پالیسیاں بنا کر عملدرآمدکرایا جائے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کے موقع پر محبوب اعوان‘ راجہ مجیب الرحمان ‘ منصور احمد عباسی ‘ صابر اعوان‘ راجہ طاہر ناسک ‘ مظفر منہاس ‘ ضیاالحق ‘ سلیم چشتی ‘محمد یاسین ‘ ضیا ء المصطفیٰ منور‘ ملک ادریس ‘ یاسر گیلانی اوردیگر اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ مرکزی صدر سردار محمد عارف شاہین نے مزید کہاکہ اسلام آباد ‘پنجاب اور گلگت بلتستان میں پرائمری مدرسین کو بنیادی سکیل مل رہا ہے ۔

جبکہ آزادکشمیر میں پرائمری مدرسین کو بی 7اور جونیئر مدرسین کو بی 9 ملتا ہے جو ناانصافی ہے۔ دیگر تمام محکموں کے ملازمین اپ گریڈ ہو گئے صرف محکمہ تعلیم کے اساتذہ ہی رہ گئے ہیں۔ بنیادی پے سکیل بی7کے حامل جونیئر میٹرک پاس جونیئر کلرک کو بنیادی سکیل بی11‘سینئر مدرس کے ہم پلہ سپرنٹنڈنٹ کو بی16سے بی17میں اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔ موجودہ بجٹ میں آزاد کشمیر کے اساتذہ کو بھی گلگت کے اساتذہ کے برابر پر ائمری مدرسین کو بی 14‘ جونیئر مدرسین کو بی16اور سینئر مدرسین کو بنیادی پے سکیل بی17دیا جائے۔

بیوروکریسی ہمارے حقوق میں رکاوٹ بن کر ہمیں سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کررہی ہے۔ ہم وزیراعظم کی محکمہ پر ہمدردی کے پیش نظر اس راست اقدام سے گریزاں ہیں۔ حکومت تعلیم کو پہلی ترجیح بنائے ۔ اس وقت محکمہ تعلی میں 3ہزار اسامیاں خالی ہیں ان کو پر کیا جائے۔ این ٹی ایس حکومت کا بہترین اقدام ہے پہلی بار میرٹ پر تقرریا ں ہوئی ہیں۔بیوروکریسی نے رولز 2016کا نوٹیفکیشن جاری کرکے 30سے 35سال سروس کے حامل سینئر اساتذہ کی ترقیابی کے راستے بند کرکے اساتذہ میں بے چینی پیدا کردی ہے۔

جبری ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن بغر سوچے سمجھے جاری کیا گیا بعد میں کہا گیا فنڈز نہیں ۔ اساتذہ کو مکمل مراعات کیساتھ ریٹائر کیا جائے۔ تمام کام مشاورت سے ہونے چاہیں۔ وزیراعظم تمام معاملات اور صورتحال کا ذاتی طور پر نوٹس لیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور مسائل کا حل نکل سکے ۔ انہوں نے تمام ضلعی صدور کو ہدایت کی کہ ایک ہفتہ کے اندر ضلعی اور تحصیل باڈیوں کا اجلاس طلب کرکے موجودہ صورتحال کیلئے تجاویز دیں۔ عیدکے بعد مجلس عاملہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیںگے۔ حقوق کے حصول کیلئے جب کوئی راستہ نظر نہ آیا تو عدالت رجوع کرنے کیساتھ احتجاج کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ میری اپنی بچی پرائیویٹ سکول میں پڑھتی ہے ۔