ویسٹ انڈیز کا رواں سال بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان

دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے، بنگلہ دیشی ٹیم 14برس بعد جمیکا میں ٹیسٹ کھیلے گی

بدھ 16 مئی 2018 22:15

ویسٹ انڈیز کا رواں سال بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کے شیڈول کا ..
کنگسٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) کرکٹ ویسٹ انڈیز نے رواں برس بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، یہ بنگلہ دیش کا ویسٹ انڈیز کا چوتھا دورہ ہو گا، بنگال ٹائیگرز اس سے قبل 2004، 2009 اور 2014 میں بھی ویسٹ انڈیز کا دورہ کر چکے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری دو میچز فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے، بنگلہ دیشی ٹیم 14 برس بعد جمیکا میں ٹیسٹ کھیلے گی، اس نے آخری مرتبہ 2004 میں جمیکا میں ٹیسٹ کھیلا تھا۔

(جاری ہے)

کرکٹ ویسٹ انڈیز کی طرف سے اعلان کردہ شیڈول کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم دو روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 جولائی تک اینٹی گووا، دوسرا اور آخری ٹیسٹ 12 سے 16 جولائی تک جمیکا میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 22 جولائی کو گیانا، دوسرا میچ 25 جولائی کو گیانا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 28 جولائی کو سینٹ کٹس پر کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 31 جولائی کو سینٹ کٹس، دوسرا میچ 4 اگست کو فلوریڈا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 5 اگست کو فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔