امریکہ نے ایرانی مرکزی بینک کے دو منتظمین سمیت 4افراد،ایک عراقی بینک پر بھی پابندی عائد کر دی

بدھ 16 مئی 2018 20:57

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) امریکہ نے ایرانیمرکزی بینک کے دو منتظمین سمیت 4 افراد،ایک عراقی بینک پر بھی پابندی عائد کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ایران کے مرکزی بینک کے دو منتظمین سمیت 4 افراد کو اور ایک عراقی بینک کو ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی اور حزب اللہ کے ساتھ روابط کے دعوے کے ساتھ پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

امریکہ کی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق غیر ملکیوں کے اثاثوں کے کنٹرول آفس او ایف اے سی کی طرف سے 4 افراد اور ایک ادارے کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے مرکزی بینک کے منتظم ولی اللہ سیف اور اسی بینک کے انٹرنیشنل آپریشنز ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی طرز علی کو ایران پاسداران انقلاب اسلامی کی القدس فورس کے ساتھ تعاون کرنے کی وجہ سے دہشت گردی کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایران میں خدمات دینے والے البلاد بینک کو بھی اس تنظیم کے ساتھ روابط کے دعوے کے ساتھ بلیک لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔امریکہ کی وزارت خزانہ نے گذشتہ ہفتے بھی او ایف اے سی کی طرف سے 6 ایرانیوں اور 3 اداروں کو پابندیوں کی لسٹ میں شامل کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 مئی کو P5+1 ممالک اور ایران کے درمیان طے پانے والے جوہری سمجھوتے سے امریکہ کی دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :