امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی مسترد، سعودی عرب

اقدام فلسطینیوں کے جائز حقوق کی کھلی حق تلفی ہے،سعودی کابینہ

بدھ 16 مئی 2018 21:03

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) سعودی کابینہ نے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کو مسترد کر دیا، منتقلی کا اقدام فلسطینیوں کے جائز حقوق کی کھلی حق تلفی ہے، کابینہنے اسرائیلی فوج کی بربریت اورفلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ نے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کو مسترد کردیا ہے۔

دارالحکومت ریاض میں ہونے والے کابینہ اجلاس کی صدارت سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشرق وسطیٰ اور بالخصوص فلسطین کی صورت حال پر غور کیا گیا۔کابینہ نے امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام فلسطینیوں کے جائز حقوق کی کھلی حق تلفی ہے اور اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔اجلاس میں سعودی فرماں رواں کا کہنا تھا کہ سعودیہ عرب نے اسرائیل اور امریکا کے اس اقدام کے خطرناک نتائج سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا۔کابینہ اجلاس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے۔