عالمی فٹبال ریفری فہد المرداسی پر تاحیات کھیلوں کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد

بدھ 16 مئی 2018 21:14

عالمی فٹبال ریفری فہد المرداسی پر تاحیات کھیلوں کی کسی بھی سرگرمی میں ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) سعودی فٹبال آرگنائزیشن کی ڈسپلن کمیٹی نے سعودی عرب کے بین الاقوامی ریفری فہد المرداسی کو تاحیات کھیلوں کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی اور اپنے اس فیصلے سے فیفا کو آگاہ کرنے کا عندیہ دیدیا۔الاتحاد کلب کے سربراہ حمد الصنع نے باقاعدہ شکایت درج کراکر دعوی کیا تھا کہ فہد المرداسی ٹیم کو کامیاب کرانے کیلئے ناجائز رقم طلب کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ شکایت الاتحاد اور الفیصلی فٹبال ٹیموں کے درمیان خادم حرمین شریفین کپ کے فائنل میچ میں ریفری مقرر ہونے کے بعد درج کرائی گئی۔ الاتحاد کلب کے سربراہ نے اپنی شکایت کے ثبوت کے طور پر سعودی فٹبال آرگنائزیشن کو گفت و شنید کا ریکارڈ پیش کیا۔ اس تناظر میں فہد المرداسی کو حراست میں لیکر محکمہ جاتی تحقیقات کی تحویل میں دیدیا گیا ہے۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ مرداسی پر الزام ثابت ہوگیا ہے۔ خود مرداسی نے رشوت طلب کرنے کا اعترا ف کیا ہے۔ اس بناپر المرداسی کا نام 2018 کے دوران روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے ریفریوں کی فہرست سے بھی خارج کردیا جائیگا۔