تیسرے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2018 کی تعارفی تقریب ، ملک کی ترقی میں مالیاتی اداروں کا کردار اہم ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

بدھ 16 مئی 2018 21:14

تیسرے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2018 کی تعارفی تقریب ، ملک کی ترقی میں مالیاتی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ملک کی ترقی میں مالیاتی اداروں کا کردار اہم ہے، قومی معیشت کی بہتری کے لیے ان کی کاوشوں کو ناصرف اجاگر کرنا چاہیے بلکہ انہیں تسلیم کیا جانا چاہیے، یہ بات گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے تیسرے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2018 کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب کراچی میں آئی بی پی ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی۔

انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کم قیمت گھروں کی فنانسنگ کے لیے بھی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے اور ان کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے تجزیہ اور پالیسی کی تشکیل کا عمل جاری ہے جس سے ملک میں کم قیمت گھروں کی فنانسنگ میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب کا انعقاد منتظمین کی قابل ستائش کوشش ہے۔

(جاری ہے)

اس تقریب کا آغاز کرنا میرے لیے باعث خوشی ہے۔ دی انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان اور اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی کے مشترکہ تعاون سے تیسرے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2018 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ بینکوں کو اس میں شامل ہونا چاہیے اور ہر سال ان کی تعداد میں اضافہ ہوگا، یہ ایوارڈز بینکوں کی قوم کو پیش کی جانے والی خدمات کو اجاگر اور انہیں فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کی جیوری کے افراد اپنے شعبے میں معزز، قابل اور معروف افراد ہیں اور وہ ایوارڈز کے لیے میرٹ کا خیال رکھتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔یہ ایوارڈز بینکوں کے لیے ایک اعزاز ہیں جو انہیں بہترین خدمات، جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور بہترین کارکردگی دکھانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ان ایوارڈز سے بینکوں کے مابین صحت مند مقابلے کی فضا بھی پروان چڑھتی ہے۔

اس موقع پر آئی بی پی کے چیف ایگزیکٹو حسین لوائی نے کہا کہ تیسرے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2018 ایک بار پھر پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں کہ ہم بینکوں کی بہترین خدمات، جدید مصنوعات اور دیگر خدمات کو نمایاں اور فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جیوری میں جیوری کے چیئرمین سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین، سابق صدر، سی ای او الفلاح بینک، عاطف باجوہ، سابق صدر، سی ای او فیصل بینک نوید اے خان، سابق صدر، سی ای او، یو بی ایل بینک عاطف آر بخاری، ڈین اور ڈائریکٹر آئی بی اے، ڈاکٹر فرخ اقبال، پاکستان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر، سی ای او، احسان علی ملک، انگلش بسکٹ مینوفیکچرر کے ایم ڈی، سی ای او ڈاکٹر زیلاف منیر شامل ہیں۔

اس سال بیسٹ اسلامک بینک کی بجائے بیسٹ ایمرجنگ بینک کا شعبہ شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح بیسٹ بینک فار کارپوریٹ فنانس اینڈ کیپیٹل مارکیٹ ڈیویلپمنٹ کا نام تبدیل کرکے بیسٹ انویسٹمنٹ بینک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور تمام زمرہ جات 2016ء کے مطابق ہیں۔اس موقع پر اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی کے شبر زیدی نے بھی خطاب کیا۔