بجٹ کو ترقیاتی اور عوامی مفاد کے مطابق بنانے کیلئے پہلی مرتبہ تمام محکموں سے تجاویز لی گئی ہیں، راجہ فاروق حیدر

آمدہ بجٹ میں خاص طور پر کم ترقی یافتہ علاقوں کو اہمیت دی جائے گی سیاحت،انڈسٹری ، ہا ئیڈل کے ساتھ پورے آزادکشمیر کی بین الاضلاعی اور پاکستان سے ملانے والی تمام شاہرواں پر کام جاری ہے معاشرتی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کیلئے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں گے پاکستان میں سیاسی استحکام تحریک آزادی کشمیر کے کامیاب تسلسل کیلئے ناگزیر ہے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے سخت تشویش ہے، سنائپر گنز کے ذریعے بھارتی فوجی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،درہ شیر خان میں بھی شہری کو سر میں گولی ماری گئی۔اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کیلئے پیشرفت کی جائے، وزراء ، ارکان اسمبلی،مہاجرین ارکان اسمبلی اور خواتین ارکان اسمبلی سے الگ الگ بجٹ سے متعلق سفارشات پر غور و خوض، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت

بدھ 16 مئی 2018 21:23

ْاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بجٹ کو ترقیاتی اور عوامی مفاد کے مطابق بنانے کیلئے پہلی مرتبہ تمام محکموں سے الگ الگ تجاویز لی گئی ہیں۔آمدہ بجٹ میں خاص طور پر کم ترقی یافتہ علاقوں کو اہمیت دی جائے گی۔سیاحت،انڈسٹری ، ہا ئیڈل کے ساتھ ساتھ پورے آزادکشمیر کی بین الاضلاعی اور پاکستان سے ملانے والی تمام شاہرواں پر کام جاری ہے۔

معاشرتی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کیلئے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔پاکستان میں سیاسی استحکام تحریک آزادی کشمیر کے کامیاب تسلسل کیلئے ناگزیر ہے۔کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے سخت تشویش ہے سنائپر گنز کے ذریعے بھارتی فوجی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،درہ شیر خان میں بھی شہری کو سر میں گولی ماری گئی۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کیلئے پیشرفت کی جائے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں وزراء کرام ، ارکان اسمبلی،مہاجرین ارکان اسمبلی اور خواتین ارکان اسمبلی سے الگ الگ بجٹ سے متعلق سفارشات پر غور و خوض اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوے کیا۔اس موقع پر سپیکر شاہ غلام قادر، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق،وزیر خزانہ نجیب نقی،وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس،ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر سمیت وزراء کرام سردار میر اکبر خان، بیرسٹر افتخار گیلانی، راجہ نصیر خان ، چوہدری یاسین گلشن ، چوہدری مسعود خالد،راجہ عبدالقیوم خان ، کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، محترمہ نورین عارف،سید شوکت شاہ، سردار فاروق سکندر،احمد رضا قادری،حاجی جاوید اختر،چوہدری محمد اسحاق اور ارکان اسمبلی عبدالرشید ترابی، چوہدری شہزاد محمود، ڈاکٹر مصطفی بشیر ، راجہ جاوید اقبال، نسیمہ وانی، سحرش قمر، رفعت عزیزودیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران درہ شیر خان میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہری کے درجات کی سربلندی کیلیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اجلاس کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سنائپر گنوں کے ذریعے شہریوں خاص طور پر خواتین کو نشانہ بنانے پر سخت تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی فوج مسلسل ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے ،آج بھی ایک شہری کو سر میں گولی مار کر شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم ترین معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔اس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت بھی کی گئی اور اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ فوری روکنے پر زور دیا گیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اسرائیلی فوج قابض اور ظالم فوج کے جس نے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر رکھی ہے ، ایک دن میں 60سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیاجس پر ہمیں سخت تشویش ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اس حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے منصوبوں کیلیے پچھلے سال کی نسبت زیادہ رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کے دور دراز علاقوں میں صحت کے مراکز میں اضافہ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری لانے کیلیے سکولوں اور کالجوں کی بلڈنگوں کی تعمیر کے علاوہ اساتذہ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی مناسب تشہیرکیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو راغب کرنے اور ان کی بہتر رہنمائی کیلیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ سی پیک کے منصوبوں سے آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا بنیادی منشور ہے اور اس پر عملدرآمد کیلیے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ اور اسمبلی ارکان سے سفارشات کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم بجٹ کو عوام کی بہبود کے مطابق بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلیے حکومت خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ دور افتادہ علاقوں تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کو کشمیر پاکستان میں سیاسی اور اقتصادی استحکام سے توانائی ملتی ہے۔

انہوں نے پاکستان میں سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ اختلافات کے باوجود ملک میں جمہوری استحکام کیلیے یک آواز رہیں کیونکہ جمہوریت ہی ملک کی ترقی کا زینہ ہے۔اس موقع پر کابینہ کے ارکان اور اسمبلی ممبران نے بجٹ پر اپنی اپنی تجاویز دیں۔پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیااور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی قیادت میں ترقی یافتہ ریاست کی منزل حاصل کی جائے گی۔