تعلیم ہی انسان کو انسانیت کے اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے۔ راناعطاء اللہ

بدھ 16 مئی 2018 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر(فی میل) مردان راناعطاء اللہ نے کہا ہے کہ تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے حکومتی سطح کے علاوہ غیر سرکاری تنظیمیں سنجیدہ اقداما ت اٹھا رہے ہیں ،آج کا دور تعلیم کا ہے تعلیم ہی کسی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے تعلیم ہی انسان کو انسانیت کے اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارے طلبہ کو چاہیے کہ تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کا نام روشن کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمر ی سکول نمبر2غلہ ڈھیر مردان میں ادارہ تعلیم و آگاہی کے زیر اہتمام داخلہ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔تقریب سے اے ایس ڈی ای او نعیمہ شاہین، ادارہ تعلیم و آگاہی کے سی ای او ڈاکٹر بیلہ رضا جمیل، ایم ای محمد فیاض، صوبائی کوارڈنیٹر افضل احمد شاہ اور ڈسٹر کٹ منیجر محمد امجد خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایس ڈی ای او نے داخلہ فارم پر دستحط کرتے درجنوں طالبات کو سکول میں داخل کروایا۔ ادارہ تعلیم و آگاہی کے محمد امجد خان نے کہا کہ آوٹ آف سکول بچوں اور جو سکول چھوڑ گئے ان کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانا ہمارا مشن ہے اس وقت ضلع مردان میں ہمارے ادارے کے زیر اہتمام315 کیمپ کام کررہے ہیں ہمارا مقصدمقامی لوگوں میں تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے اور ان کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔

ایس ڈی ای او نے ادارہ تعلیم و آگاہی کے کاوشوں کو سراہتے ہو ئے کہا کہ تعلیم کے فروغ اسے متوسط طبقہ کیلئے مزید آسان اور سستا بنانے کی جانب ایک بہترین قدم ہے،انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم و آگاہی کی جانب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کی کامیابی کیلئے ہمیں آگے آنا ہوگا اور اسکی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے تجاویز دینا ہوگی ، تاکہ مردان کے عوام اس سے بھرپور طریقہ سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :