امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کا اقدام عالمی امن کی تباہی کا سبب بنے گا،مولانا فضل الرحمن خلیل

ٹرمپ نے سفارت خانہ منتقل کر کے مسلم دشمنی کا کھلا ثبوت فراہم کیا ہے،اسلامی ممالک سمیت پوری دنیا بھر میں تباہی ،بربادی اور دہشت گردی کا ذمہ دار امریکہ ہے امریکی ایماء پراسرائیلی فوج 60 سے زائد فلسطینیوں کو شہیداورسینکڑوں کو زخمی کر کے وحشت و بربریت کی بد ترین مثالیں قائم کر رہی ہے،میڈیاسے گفتگو

بدھ 16 مئی 2018 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کا اقدام عالمی امن کی تباہی کا سبب بنے گا، ٹرمپ نے سفارت خانہ منتقل کر کے مسلم دشمنی کا کھلا ثبوت فراہم کیا ہے،اسلامی ممالک سمیت پوری دنیا بھر میں ہونے والی تباہی ،بربادی اور دہشت گردی کا ذمہ دار امریکہ ہے اور امریکی ایماء پراسرائیلی فوج 60 سے زائد فلسطینیوں کو شہیداورسینکڑوں کو زخمی کر کے وحشت و بربریت کی بد ترین مثالیں قائم کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی قوانین ا ور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں بکھیرکر تاریخ کا سیا ہ باب رقم کیا ہے آج دنیا امن کی طرف دیکھ رہی ہے اور امریکہ انہیں بد امنی کی طرف دھکیل رہا ہے انہوں نے کہاکہ وقت آ چکا ہے کہ مسلمان ممالک آپس کے اختلافات کو پس پشت رکھ کر امریکی سازشوں کو بھانپتے ہوئے او،آئی ،سی کو متحرک و مضبوط بناکر موثر اقدامات کریں انہوں نے کہاکہ اب عالمی برادری کوبھی منافقانہ طرز عمل چھوڑ کریہ طے کرنا ہوگا کہ وہ امریکی ریاستی دہشت گردی کے ساتھ کھڑی ہے یا پھر عالمی قوانین اور انصاف کی بالادستی کے حصول کے لئے سنجیدہ جدوجہد کرنے والی قوتوں کے شانہ بشانہ ہے۔

(جاری ہے)

سربراہ انصار الامہ نے مزید کہا کہ عالمی امن کو اس وقت سب سے زیادہ خطرہ امریکہ،اسرائیل اور ہندوستان سے ہے اگر ان بگڑی ہوئی ریاستوں کے کشمیر اور فلسطین میں جاری شیطانی کھیل کو نہ روکا گیا تو یہ آگ بہت جلد دیگر خطوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔۔۔۔اعجاز خان