اسلام آباد ٹریفک پولیس اور کیڈ نے اسلام آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے مشترکہ مہم کا آغاز کر دیا

بدھ 16 مئی 2018 23:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس اور کیڈ نے اسلام آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے مشترکہ باقاعدہ خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں جبکہ کیڈ کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔ کیڈ کی طرف سے تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی جبکہ ایس ایس پی ٹریفک کی طرف سے اس مہم کو کامیاب کرنے اور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے ہر ممکن یقین دہانی کرائی گئی۔

مہم مرحلہ وار جاری رہے گی۔ مہم میں عوام کو سگریٹ پینے کے نقصانات اور قانونی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں پی ایس وی ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر شہریوں کو پی ایس وی گاڑیوں میں سفر کے دوران سگریٹ پینے کی ممانعت کے متعلق قانون کے بارے آگاہی فراہم کرکے قانون پر عملددرآمد کرایا جائے گا اور گاڑیوں میں سگریٹ نوشی کے خلاف چلائی گئی مہم کے متعلقہ سٹیکرز چسپاں کرنے کے ساتھ ساتھ پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائیں گے اور انسداد تمباکو نوشی قانون2002کی دفعہ6کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کو تمباکو سے پاک شہر بنانے کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور کیڈ نے مشترکہ باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ تقریب میں ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید، ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشیدکے علاوہ افسران و جوان، پراجیکٹ ڈائریکٹر کیڈ ڈاکٹر منہاج السراج اور ڈاکٹر محمد آفتاب احمد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ سگریٹ نوشی اپنے بدن کے ساتھ بددیانتی ہے جس سے ہم دوسروںکی صحت کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیڈ کا تمباکو نوشی کے خلاف اقدام انسانی زندگیوں کو بچانے اور ان کی صحت کو برقرار رکھنے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی پی اس کارخیر میں کیڈ کا ساتھ دے گی اور خلاف ورزی کرنے پر انسداد تمباکو نوشی قانون 2002ء کی دفعہ 6 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور پی ایس وی گاڑیوںمیں سگریٹ نوشی کے خلاف قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر کیڈ ڈاکٹر منہاج السراج نے تمباکو نوشی کے انسانی صحت پر رونما ہونے والے مضر اثرات کے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کو تمباکو نوشی جیسی لعنت سے بچانا ہے۔ انہوں نے سگریٹ کے تمباکو میں استعمال ہونے والے کیمیکل اور دیگر مضر صحت مواد کے متعلق بھی شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔ آئی ٹی پی ریڈیو ایف ایم 92.4 کی سٹیشن ڈائریکٹر عائشہ جمیل بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ سگریٹ نوشی کے خلاف اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پی ایس وی گاڑیوں اور دیگر پبلک پوائنٹس پر سٹیکرز اور پمفلٹ تقسیم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :