انویسٹی گیشن پولیس سٹی نے ٹرپل مرڈر،قتل، اندھے قتل، نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 6ملزمان گرفتار، آلہ قتل برآمد

بدھ 16 مئی 2018 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) انویسٹی گیشن پولیس سٹی ڈویژن نے ٹرپل مرڈر،قتل ، اندھے قتل اور نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور آلہ قتل برآمد کر لیاہے۔یہ بات ایس پی سٹی سیدکرار حسین شاہ نے آج لوئرمال میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتائی۔

اُنہوں نے کہا کہ سٹی ڈویژن میںٹرپل مرڈر،قتل، اندھے قتل اور دیگر جرائم کی وارداتوں کے سد باب اور ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن پولیس سٹی کی سپیشل ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں۔ایس پی سٹی نے کہا کہ انچارج ہومی سائیڈ سرکل بادامی باغ سب انسپکٹر اختر علی نے علاقہ تھانہ ٹبی سٹی میںٹرپل مرڈر کے مجرمان اشتہاری ماجد اور ساجد کو گرفتارکیا اور دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان ماجد اور ساجد جو مقتولین کا دور کا رشتہ دار تھااس نے زمین کے تنازعہ پر محمد ایوب،شکور اور حافظ عاشق کو قتل کیا تھا اسی طرح ایک اور مقدمہ میں سب انسپکٹر اختر علی نے ایک رات میں دوافراد کا قتل اور 6اشخاص کو زخمی کرنے والے ملزم عبدالجبار کو ٹریس کر کے گرفتارکر لیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے علاقہ تھانہ فیروز والا میں 5افراد کو زخمی اور ایک فرد کا قتل کیا تھا اور اسی رات علاقہ تھانہ بادامی باغ میں اپنی ساس روح افزا کو قتل اور اپنی سابقہ بیوی کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل پسٹل اور موٹرسائیکل برآمدکی گئی۔جبکہ سب انسپکٹر اختر علی نے ہی بادامی باغ کے علاقہ میں میں اندھے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم آصف کو گرفتا کر لیا۔

ملزم آصف نے کھوکھر گائوں بند دریائے راوی علاقہ تھانہ بادامی باغ میں نبیل احمد کو جوئے کی رقم کے تنازعے پر قتل کر دیا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل ٹوکہ اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ سید کرار حسین نے مزید بتایا کہ تھانہ راوی روڈ کے انچارج سب انسپکٹر محمد عالم نے بوٹا نقب زن و چورگینگ کے 2ممبران بوٹا اور ارشد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سی9لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 6موٹر سائیکلیں، موبائل فونز ، ریڈی میڈ کپڑا ،نقدی، دیگر قیمتی اشیاء اورناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا۔

دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔ ایس پی سٹی انویسٹی گیشن کرار حسین شاہ نے ٹرپل مرڈر، قتل، اندھے قتل اور نقب زنی و چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری پرپولیس ٹیموں کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیاہے۔