پاکستان تخفیف غربت فنڈ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

بدھ 16 مئی 2018 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان تخفیف غربت فنڈ (پی پی اے ایف) کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت دیہی علاقوں میں عورتوں کو بااختیار بنانے کیلئے خاتون سماجی کارکنوں کا کردار اہم ہے۔ مقررین نے معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات اور غریب افراد کو صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی کیلئے مدد، کاوشوں اور شعور اجاگر کرنے پر دو سماجی کارکنوں عائشہ ناصر اور صالحہ بی بی کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں غربت میں کمی لانے سے متعلق پروگرام (پی پی آر) کی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ پروگرام بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں نافذ العمل ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم بلوچستان نور الحق بلوچ نے کہا کہ عائشہ ناصر اور صالحہ بی بی سماجی کارکنوں کیلئے ایک رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں تعلیم کے فروغ کیلئے کمیونٹی کی شمولیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے صوبہ بلوچستان سے ناخواندگی کے خاتمہ کیلئے 500 کمیونٹی سکولز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔