مساجد کی سیکورٹی کیلئے مربوط سیکورٹی پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے ۔پولیس

بدھ 16 مئی 2018 23:41

راولپنڈی۔ 16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی افضال احمد کوثر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے مرکزی امن کمیٹی کے ممبران ، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور انجمن تاجران کے نمائندو ںسے آمد ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی محمد بن اشرف ، مولانا اظہار بخاری ، سید ریاض حسین شاہ ، اقبال چشتی ، قاری سیف اللہ سیفی ، حافظ محمد اقبال رضوی ، شوکت جعفری ، مولانا زاہد عباس کاظمی ، شیخ حفیظ ، شیخ محمد صدیق اور دیگر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر علماء کرام اور دوسرے معزز مہمانوں نے سی پی او راولپنڈی کا میٹنگ بلانے پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر علماء کرام نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر اللہ کی عبادت کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

پولیس اور انتظامیہ گزشتہ برسوں کی طرح مساجد و دیگر عبادت گاہوں کو سیکورٹی فراہم کریں علماء کرام پولیس انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

علماء کرام نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے کہا کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کریں تاکہ ماہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے علماء کرام کو یقین دلایا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ وہ دیگر ماتحت اداروں کو بھی احکامات جاری کریں گے تاکہ رمضان المبارک میں کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں ۔واسا کو بھی ہدایت جاری کر دی گئیں ہیں کہ ماہ رمضان کے دوران مساجد میں پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش نہ آئے۔

انجمن تاجران کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ حفیظ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ گزشتہ ادوارکی طرح امسال بھی پولیس رمضان المبارک میں شاندار انتظامات کرے گی ۔ تاجر برداری کی طرف سے پولیس کو ہر ممکن تعاون حاصل رہے گا۔ سی پی او راولپنڈی افضال احمد کوثر نے معززمہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کی دعوت پر تشریف لائے ۔ اس موقع پر سی پی او راولپنڈی نے علماء کرام سے کہا آپ وہ جماعت ہیں جو کہ لوگوں کو نیکی کی طرف بلاتے ہیں ۔

مساجد کی سیکورٹی کیلئے مربوط سیکورٹی پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے ۔ مساجد انتظامیہ کی طرف سے رضا کار بھی مہیا کیے جائیں گے جو کہ پولیس کی معاونت کریں گے ۔ مساجد انتظامیہ ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی مشکوک نقل و حرکت کو فوراً پولیس کے نوٹس میں لائیں ۔ اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد کی لسٹ اعتکاف بیٹھنے سے ایک دن قبل متعلقہ تھانے میں جمع کروائیں اور ان افراد کے شناختی کارڈ کی کاپیاں اور تفصیل مساجد انتظامیہ کے پاس موجود ہو۔ رمضان المبارک میں ٹریفک کے بہائو اور پارکنگ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا ۔ رمضان المبارک میں گداگر وں کے خلاف بھی خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ میٹنگ کے اختتام پر پر ملک کی سلامتی کے لیے دعا بھی کرائی گئی ۔