Live Updates

معززین علاقہ کی کوششوں سے قتل کے مقدمہ میں دوفریقین میں صلح

بدھ 16 مئی 2018 23:41

راولپنڈی 16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق ایم پی اے چوہدری ایاز ومعززین علاقہ کی کوششوں سے قتل کے مقدمہ میں دوفریقین میں صلح ہونے سے 6سال سے جاری دشمنی کا خاتمہ ہوگیا،گزشتہ روز سابق ایم پی اے چوہدری ایازکی رہائش گاہ پر معززین علاقہ کاایک جرگہ منعقد ہوا جس میں 6سال قبل قتل ہونیوالے محمد عثمان کے والد غلام سرور،عزیزواقارب اورملزم پارٹی کے رشتہ دار اہلیان علاقہ معززین علاقہ شریک ہوئے ،یاد رہے آراے بازارکے علاقے جان کالونی میں آج سے چھ سال قبل سال2012میں عمران خان ولد عمرخان نے محمد عثمان کو قتل کردیا تھا جس پر پولیس نے ملزم کوگرفتارکرلیاتھا،لوئیر کورٹ سے ملزم عمران خان و کو موت کی سزا سنائی گئی جس پر انہوںنے آگے اپیل کردی،مجرم عمران خان ولدعمرخان اس وقت بھی جیل میں ہے مقتول محمد عثمان کے والد غلام سرور نے فی سبیل مجرم کو معاف کرکے ایثار کی اعلی مثال قائم کردی،اس موقع پر مولانا محمد افضل جوہر،علامہ نورالمصطفیٰ نورانی نے دونوں پارٹیوں میں صلح کرانے میں اہم کرداراداکیا،جرگے میں سردارشوکت،چوہدری ناظرحسین،مشتاق قریشی،ایوب بٹ،محمد حسین،خانویز خان،گل نواب خٹک،محمد اختر،خرم مصطفی،محمد ارشد،محمد رمضان،محمد ارشاد،بشیراحمد،حاجی منظوراحمد سمیت اہلیان علاقہ کی بڑی تعدادموجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فریقین کے مابین تمام کاغذائی کاروائی بھی مکمل کی گئی شرکاء نے مقتول کے والد کی جانب سے مجرم کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کے اقدام کو سراہا ،اس موقع پر سابق ایم پی اے چوہدری ایازکاکہنا تھا کہ مجرم کو عدالت سے سزاہوچکی ہے ایسے موقع پر معاف کرانا بہت بڑے دل گردے کاکام ہے اللہ تعالی اس کا انہیں اجرعظیم عطافرمائیں گے فریقین میں صلح کرانے میں جن جن لوگوں کا کردار ہے وہ بھی لائق تحسین ہے میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ آپس کی دشمنیاں ختم ہونی چاہیے اورمحبت و اخوت ،بھائی چارے کو فروغ ملنا چاہیے ہماری ہمدردیاں مقتول کے ورثاء کیساتھ ہیں اور ہم امیدکرتے ہیں مستقبل میں بھی دونوں خاندان امن وسکون سے رہیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات