معلومات تک رسائی پر عمل درآمد سے عام آدمی کو بااختیار بنایا جاسکتا ہے، ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان

جمعرات 17 مئی 2018 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ چیئرمین پشین محمد عیسیٰ روشان نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی پر عمل درآمد سے عام آدمی کو بااختیار بنایا جاسکتا ہے معلومات تک رسائی کیلئے صوبائی قانون کا بہتر استعمال بنیادی خدمات کے شعبے کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بنیادی قانون کی حیثیت رکھتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آر ایس کے زیر اہتمام ضلعی ویلفیئر ہال میںمنعقدہ مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیاورکشاپ سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے پرنسپل کلیم اللہ پروجیکٹ منیجر عبدالمنان سلیمانخیل پروجیکٹ آفیسر جمال ناصر معلم القرآن مولوی عنایت اللہ ندیم ممبر میونسپل کارپوریشن مفتی نعمان فضل الرحمن لائق اور دیگر نے بھی خطاب کیااس موقع پر پروجیکٹ منیجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون برائے آزادی معلومات کو پوری دنیا میں عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرز حکومت کیلئے بنیا دی قانون تسلیم کیا جا چکا ہے اور دنیا کے 117ممالک میں اس قانون پر کامیابی سے عمل درآمد ہورہا ہے پاکستان میں بھی صوبہ پنجاب ،خیبر پختونخوا اور صوبہ سندھ میں اس حوالے سے موثر قانون سازی ہوچکی ہے اور ان تینوں صوبوں میں مذکورہ قانون پر عمل درآمد کی صورت حال بھی بلوچستان کی بہ نسبت بہتر ہے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آزاد اور خودمختار انفارمیشن کمیشن قائم کردیئے گئے ہیں جو اس قانون پر عمل درآمد کی نگرانی کررہے ہیں بلوچستان میں اس حوالے سے ابھی تک 2005ء کا قانون نافذ و العمل ہے ورکشاپ کے شرکاء سے پروجیکٹ آفیسر سید جمال ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور جواب دہی کسی بھی حکومتی نظام کیلئے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں جمہوریت کی مضبوطی کا انحصار شفافیت ، جواب دہی اور عوامی شرکت پر ہے شفافیت بر وقت کے فروغ سے نہ صرف جمہوری نظام پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی واضح رہے کہ منصوبہ پر عمل درآمد کا آغاز صوبے بلوچستان کے دو اضلاع ضلع پشین اور ضلع سبی میں کردیا گیا ہے۔