پاکستان اور آزربائیجان کے درمیان دیرینہ ، گہرے اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں،سفیر علی علیزادے

تجارتی روابط بڑھانے کے لیے باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ کرنا ہو گا، آذربائیجان کے قومی دن اور یوم جمہوریہ کی صد سالہ تقریب سے خطاب

جمعرات 17 مئی 2018 00:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) پاکستان اور آزربائیجان کے درمیان دیرینہ ، گہرے اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں تجارتی روابط بڑھانے کے لیے باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ کرنا ہو گا ان خیالات کا اظہار آزربائیجان کے سفیر علی علیزادے نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے قومی دن اور یوم جمہوریہ کی صد سالہ تقریب کے موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان کے ساتھ گفتگو میں کہی انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں سیاحت کے فروغ کے لیے آزربائیجان حکومت نے سیاحوں کے لیے ائیرپورٹ پر آسان ویزہ کی سہولت دے رکھی ہے پاکستانی تاجر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں انہوں نے کہا ایک سال میں تقریبا بیس لاکھ سیاح آذربائیجان آئے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان دوست ممالک ہیں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مستحکم بنانے کے لیے باہمی روابط کو فروغ دینا ہو گا صدر چیمبر زاہد لطیف خان نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی چیمبراس سال جولائی کے اوائل میں باکو شہر میں بزنس کانفرنس اور ایوارڈ تقریب منعقد کرنے کا خواہشمند ہے دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری رابطوں خاص طور پر چیمبر آف کامرس کی سطح پر باہمی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارتی حجم میں اضافے کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔