محکمے کی طرف سے شروع کی گئی 1094 ہیلپ لائن خواتین کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل میں اپنا منفرد کردارادا کرے گی، فوزیہ اشرف خان

تمام پسماندہ خواتین جو کسی بھی طور سماجی مسائل کاشکار ہیں اب وہ اپنے مسائل کے سدباب کے لیے 24 گھنٹے ہم سے رابطہ کرسکیں گی

جمعرات 17 مئی 2018 00:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) محکمہ ترقی نسواں سندھ کی ڈپٹی ڈائریکٹر حیدرآباد فوزیہ اشرف خان نے کہا ہے کہ محکمے کی طرف سے شروع کی گئی 1094 ہیلپ لائن خواتین کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل میں اپنا منفرد کردارادا کرے گی، تمام پسماندہ خواتین جو کسی بھی طور سماجی مسائل کاشکار ہیں اب وہ اپنے مسائل کے سدباب کے لیے 24 گھنٹے ہم سے رابطہ کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم سیکریٹریٹ ہال حیدرآباد میں 1094 ہیلپ لائن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، فوزیہ اشرف نے کہا کہ آج ہیلپ لائن 1094 کا افتتاح حیدرآباد سمیت میرپورخاص ، ٹنڈو محمد خان اور جامشورو میں بھی ہورہا ہے جبکہ کراچی میں ہیلپ لائن کا پہلے ہی افتتاح کیا جاچکا ہے بہت جلد اس کا دائرکار سندھ کے تمام اضلاع تک بڑھا دیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ محکمہ ترقی نسواں حیدرآباد 2007ء میں قائم ہوا اور جب سے اب تک ادارے میں تقریباً 5750 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 5500کیسز محکمے کے تحت حل کیے جاچکے ہیں اور باقی ماندہ کیسز مختلف کورٹس میں چل رہے ہیں جن پرہمارے پینل پر موجود وکیل کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کے حقوق سے متعلق بہت سے مسائل موجود ہیں جبکہ انکے مسائل کو ماضی میں ہمیشہ پس پشت ڈال دیاجاتا تھا اور خواتین کو کام کرنے والی مشین اورایک روبوٹ کی طرح کردار دیاجاتا تھا یہی وجہ تھی کہ محکمہ ترقی نسواں کووقت کی ضرورت سمجھا گیا اور اسے فعال سے فعال تر بنایاجارہا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ ناصرف خواتین میں حقوق کی آگاہی پیدا کرتا ہے بلکہ ان کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو خواتین کے حقوق اور مقام کے بارے میں بتاتاہے، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان خصوصاً صوبے سندھ کی خواتین تقریباًتمام شعبہ جات میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کررہی ہیں، تقریب میں ضلعی انتظامیہ ، ایچ ڈی اے ، پولیس ،محکمہ اطلاعات اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔