Live Updates

ضلع کے 10رمضان بازاروں کو فنکشنل کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر گجرات

جمعرات 17 مئی 2018 00:08

لالہ موسیٰ ۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) رمضان المبارک میں شہریوں کو سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے ضلع بھر کے 10رمضان بازاروں کو فنکشنل کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر گجرات محمد علی رندھاوا نے رمضان بازار ظہور الہی اسٹیڈیم، شاہ جہانگیر روڈ، ریلوے روڈ، ماڈل بازار، کھاریاں کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانیوالی سہولیات اورسٹالز کا معائنہ ان میں بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا، اے سی وقار خاں،اویس منظور، رمضان بازاروں کے انچارج اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع گجرات میں دس رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں ان میں تحصیل گجرات میں ماڈل بازار، ریلوے روڈ، شاہ جہانگیر روڈ، ظہور الہی اسٹیڈیم، جلالپور جٹاں اور کنجاہ، تحصیل کھاریاں میں جی ٹی روڈ کھاریاں، لالہ موسیٰ اور ڈنگہ جبکہ سرائے عالمگیر میں جی ٹی روڈ پر رمضان بازار قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رمضان بازاروں میں 20کلو گرام آٹے کا تھیلہ500روپے، دس کلو گرام آٹے کا تھیلہ250روپے میں دستیا ب ہوگا اس کے علاوہ چینی، کوکنگ آئل مارکیٹ سے دس روپے فی کلو کم ریٹ پر دستیاب ہوگی۔ فیئر پرائس شاپس پر بیسن، دال چنا، کھجور وغیر ہ پر فی کلو گرام 20روپے سبسڈی ہوگی، گیارہ مختلف اشیاء تھوک ریٹس پر فراہم کی جائیں گی، سبزیاں، پھل، گوشت ، مشروبات بھی بازار سے کم نرخوں پر فراہم کئے جائیں گے، تمام رمضان بازاروں میں شکایات سیل قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے انکی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

انہوںنے رمضان بازاروںکے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ ڈیمانڈ کے مطابق آٹے، چینی اور دیگر اشیاء کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، رمضان بازار میں اشیاء خورد و نوش کی کوالٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کی سکیورٹی کیلئے پولیس کیساتھ سول ڈیفنس کے اہلکار بھی ڈیوٹی دینگے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات