ماہِ رمضان میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی جائیں‘ صدر ایوان صنعت و تجارت سکھر انجینئر عبدالفتاح شیخ

بدھ 16 مئی 2018 23:20

سکھر۔ 16مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدر انجینئرعبدالفتاح شیخ اورقائمہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین محمد کامل فاروقی و اراکین نے ماہِ صیام کی آمد پر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرنے کے رجحان کی روک تھام کیلئے ضلعی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف مستعدی سے کارروائی کی جائے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزہ داروں کو مہنگائی کے عذاب سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ماہِ رمضان کی آمد سے پہلے ہی اجناس، پھلوں، گوشت اور مرغی کے من مانے دام وصول کئے جارہے ہیں اور اشیائے خورد و نوش کی مصنوعی قلت ظاہر کرکے ناجائز منافع خوری کا عمل شروع ہوگیا ہے جس کا فوری تدارک کیا جانا چاہیے۔صدرِ ایوان نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر کی زیرِ صدارت اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء کی قیمتیں طے پا جانے کے بعد اس پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جانا چاہیے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرکے موقع پرستوں کو سر اُٹھانے سے پہلے ہی کنٹرول کیا جائے۔