حمیدآباد،نواز شریف کے بیان کیخلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح صحبت پور میں بھی احتجاجی مظاہرہ

بدھ 16 مئی 2018 23:50

حمیدآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح صحبت پور میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی مظاہرین نے مودی اور نواز شریف کے خلاف شدید الفاظ میں نعرے بازی کی ۔تفصیلات کے مطابق ریلی کی قیادت سماجی رہنماء محمد اسلم کھوسہ نے کی ریلی مین چوک سے شروع ہوئی اور جناح پریس کلب پر اختتام پزیر ہوئی ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جن پر مودی سرکار اور نواز شریف کیخلا ف نعرے درج تھے ۔

مظاہرین نے جو مودی کا یار ہے غدار ہے غدار ہے ۔جھوٹا ہے جھوٹا ہے نواز شریف جھوٹا ہے ۔کے فلک شگاف نعرے لگائے اس موقع پر سماجی رہنماء محمد اسلم کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پاکستان میں رہ کر اور پاکستان کا کھاپی کر پاکستان کے خلاف باتیں کررہا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کبھی عدالتوں کے خلاف ،کبھی پاک فوج کے خلاف تو کبھی کسی ادارے کے خلاف باتیں کرتا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کا سامنا کیا ہے اور دہشت گردی کی مخالفت کی ہے اور کرتا رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت عالیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پر پاکستان غداری کا مقدمہ درج کرکے انہیں قانونی سزا دی جائے تاکہ دوسروں کے لیے عبرت کا نشان بنے ۔