جوشی (چلم جوشٹ) تہواراپنی تمام رسومات کے ساتھ بمبوریت میں اختتام پذیر

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ہندوکش کی قدیم ترین تہذیب و ثقافت اور مذہب کے حامل کالاش قبیلے کاسالانہ مذہبی تہوار چلم جوشٹ (جوشی ) اپنی تمام تر رسومات کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، آخری روز نوجوان جوڑوں کے مابین شادی بیاہ کی رسومات بھی ادا کی گئیں، 14مئی سے شروع ہونے والا یہ تہوار ڈھول کی تھاپ پر رقص کیساتھ منانے کے بعد16مئی کو اختتام پذیر ہواجبکہ اختتامی تقریب بمبوریت میں منائی گئی، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون کالاش میں جوشی تہوار کو بہتر انداز میں منایا گیا ، اس سلسلے میں سیاحوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر ٹینٹ ویلیج بھی بنایا گیا تھا جبکہ تہوار کے اختتام پر سیاحوں اور شہریوں میں سیاحتی مقامات کی خوبصورتی بحال رکھنے اور ان میں شعور اجاگر کرنے کیلئے کالاش کی تین وادیوں میں صفائی مہم کا بھی انعقاد کیا جائے گا ،جوشی تہوار کا آخری روز بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے جب کالاش قوم ایک میدان میں جمع ہوتی ہے تو تمام خواتین ناچنا گانا شروع کردیتی ہیں اور پھر اس وقت کچھ مذہبی پیشوا ایک مقام پر اکٹھے ہو کر ہاتھوں میں پودوں کی سبز شاخ اٹھائے میدان کی طرف آتے ہیں اور یہ خواتین انہیں سلامی پیش کرتی ہیں، اس کے بات تہوار کا آخری لمحات اور رسومات منائی جاتی ہیں،جس میں شادی بیاہ کی رسومات کا انعقاد کیا جاتا ہے ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے صوبہ میں سیاحتی مقامات کی پہچان برقرار رکھنے کیلئے صفائی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں سیاحوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ان کو بھی مہم میں شامل کیا جاتا ہے تاکہ صوبہ کے سیاحتی مقامات کو کوڑا کرکٹ اور گندگی سے صاف رکھا جائے ۔

متعلقہ عنوان :