ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی زیر صدارت ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس

رمضان المبارک کے دوران سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا بھگتنا ہو گی‘ فرل ثقلین

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی بٹگرام کا اجلاس ڈپٹی کمشنر بٹگرام فرل ثقلین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلا س میں روزمرہ اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور کوالٹی پر تفصیلی غور کیا گیا اور ان اشیائے کے نرخوں کے راولپنڈی اور مانسہرہ کے تھوک نرخوں کے تقابلی جائزہ کے بعد نئے ریٹ مقرر کئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا بھگتنا ہو گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فرل ثقلین جو کنٹرولر جنرل آف پرائس بھی ہیں، کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ون، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، ڈی پی او بٹگرام کے نمائندے، دیگر متعلقہ افسران اور تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار سے متعلق ضلعی پرائس ریویو کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پرائس مجسٹریٹ کی حیثیت سے روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں چیکنگ کریں گے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر بٹگرام کو ہدایت کی گئی کہ وہ بازاروں میں مٹھائیوں کی کوالٹی کو یقینی بنائیں جبکہ تحصیل میونسپل آفیسر، پرائس مجسٹریٹ اور محکمہ صحت کا سنیٹری سٹاف بازاروں میں آلودگی اور گندگی پر بھی مسلسل نظر رکھے گا اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ سوختی لکڑی، چپل کباب اور دیگر ضروری اشیائے خوردنی کے نرخوں پر بھی کڑی نظر رکھیں اور سرکاری نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلا ف سخت کارروائی کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ رمضان میں ضروری اشیائے خوردنی کی وافر مقدار میں دستیابی کیلئے وہ خود بھی بازاروں کی چیکنگ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :