ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کیلئے بہتر خدمت، مثبت طرز عمل اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے حوالہ سے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام

جمعرات 17 مئی 2018 00:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) یونیورسٹی آف ہری پور کی سپیکم سوسائٹی کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہری پور میں ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کیلئے عوام الناس کی بہتر خدمت، مثبت طرز عمل اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے حوالہ سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کے قریباً 50 افراد نے شرکت کی۔

ورکشاپ میں شرکاء کو مختلف سرگرمیاں بھی کروائی گئیں۔ ورکشاپ کے مقرر شعبہ علوم اسلامیہ کے صدر اور سپیکم سوسائٹی کے چیرمین ڈاکٹر مہیمن نے اس موقع پر کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف بڑی محنت سے اپنا کام کرتا ہے مگر بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود رہتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور حتی الامکان ان کی خدمت کی جائے، اس حوالہ سے ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مہیمن نے کہا کہ اس ورکشاپ کی مدد سے ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کی قائدانہ اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا، ورکشاپ کے شرکاء نے اس کوشش کو بہت سراہا اور اسے اپنے لئے بہت مفید قرار دیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ مستقبل قریب میں ایسی ورکشاپ کا انعقاد دوبارہ سے کروایا جائے۔ ڈاکٹر مہیمن نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ اور ضلعی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سلسلہ کی اگلی ورکشاپ رمضان المباکر کے بعد منعقد کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :