امریکا صدر ٹرمپ دھمکی کے باوجود کم جونگ سے ملاقات کے لیے پر امید

جمعرات 17 مئی 2018 10:10

․ واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ٹرمپ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ماہ میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متوقع ملاقات حالیہ واقعات کے باوجود منسوخ نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا ہکبی سینڈرز نے کہا کہ اگر ملاقات طے پاتی ہے تو صدر ٹرمپ اس کے لئے پوری طرح تیار ہیں، اور اگر ملاقات نہیں ہوتی تو ہم شمالی کوریا پر دباؤ ڈالنے کی مہم جاری رکھیں گے۔

جب صدر ٹرمپ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے۔ تاہم انھوں نے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ امریکا شمالی کوریا پر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر زور دے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا نے دھمکی دی کہ اگر امریکا نے شمالی کوریا سے ان کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر زور دیا تو وہ 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی ملاقات منسوخ کر دیں گے۔