ایرانی جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے یورپی یونین کی جانب سے کوشش کی حمایت کرتے ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

جمعرات 17 مئی 2018 10:10

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ اقوام متحدہ ایرانی جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے یورپی یونین کی جانب سے کی جانے والی کوشش کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نیبرسلز میں یورپی یونین کے ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا اور یورپی یونین کے کمیشن کے چیرمین جین کلاڈ جنکر اور یورپی یونین کی خارجہ اور سکیورٹی پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انتونیو گوتریش نے کہا کہ ہم ایک خطرناک دنیا میں رہتے ہیں۔کئی سالوں میں پہلی مرتبہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے نظام پر سوال اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کثیرالطرفہ انتظامی نظام اور قانون کے مطابق عالمی تعلقات کی حکمرانی کا تحفظ نہایت ضروری ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اس لحاظ سے یورپی یونین کے کردار کوبے حد سراہا اور زور دیا کہ اقوام متحدہ یورپی یونین کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے کوشش کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔