وفاقی وزیر نے قتل کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں

سینئیر صحافی نے قتل کی دھمکیاں دینے والے وفاقی وزیر سے متعلق انکشاف کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 مئی 2018 10:48

وفاقی وزیر نے قتل کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی چوہدری غلام حسین نے کہاکہ نیشنل بنک آف پاکستان کا ایک ملازم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملازم نے تین ارب سے زائد کی انٹریاں کی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور ملازم کو گرفتار کیا گیا جس نے پچاس کروڑ روپے ایم این ایز ، ایم پی ایز ،اور ایل ڈی اے کے افسران کو دئے، یہ پیسہ فیروز پور ہاﺅسنگ سوسائٹی کے لیے دیا گیا لیکن اس سوسائٹی کی کلئیرنس پھر بھی حاصل نہیں کی جا سکی۔

چوہدری غلام حسین نے کہا کہ احد چیمہ دو روز قبل سیل کے اندر ہی بے ہوش ہو گیا تھا جس کی ساری تفصیل بھی آ گئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تیسری بات یہ ہے کہ ایک وفاقی وزیر جو کہ بہت ساری لوٹ مار میں ملوث ہے، اب وہ گواہوں کو دھمکیاں دے رہا ہے کہ اگر تم نے منہ کھولا تو تمہاری زبان کاٹ دیں گے ۔

(جاری ہے)

یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ اگر تم نے گواہی دی تو تمہیں قتل کروا دوں گا ، یا تمہارے بچوں کو مار دیں گے۔

چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ ہم اس ملک میں احتساب کی باتیں کرتے ہیں لیکن یہاں کے وفاقی وزرا ہی عوامی جان کے دشمن بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں یہ سب کچھ آن ریکارڈ ہی کہہ رہا ہوں۔ یاد رہے کہ نیب نے رواں برس فروری میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا۔ احد چیمہ کو گلبرگ میں موجود پنجاب پاور کمپنی کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔

سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔احد چیمہ پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیرقانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔ نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ احد چیمہ کی وجہ سے حکومت کو تقریباً 455 ملین کے لیکوڈیشن نقصانات کا سامنا ہے جب کہ آشیانہ اقبال میں تاخیر کی وجہ سے لاگت کا تخمینہ بھی کئی ملین بڑھ چکا ہے۔احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ اس کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نیب کی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔