محکمہ زراعت نے ’’زیادہ کپاس اگائو معیشت بڑھائو‘‘ مہم کا آغاز کر دیا

کاشتکاروں کوکپاس کی کاشت کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 17 مئی 2018 12:22

فیصل آباد۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) محکمہ زراعت نے ’’زیادہ کپاس اگائو معیشت بڑھائو‘‘ مہم کا آغاز کر د یا ہے اور کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کپاس کی کاشت کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیں تاکہ بمپر کراپ کا حصول ممکن ہو سکے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار گندم کے مڈھوں کو زمین میں دفن کرنے کیلئے ڈسک ہیرو چلائیں تاکہ زمین کی زرخیزی بڑھائی جا سکے جبکہ پانی اور اجزائے خوراک کی یکساں تقسیم اور پانی کی بچت کیلئے لیزر لیولر کا استعمال کریں۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکار صحت مند بیج کے اگائو کیلئے منظور شدہ اقسام اور بلحاظ علاقہ تصدیق شدہ بیج کاشت کریں اور کاشت سے قبل کپاس کے بیج کا بُر اتار لیں جس سے بیج کی کوالٹی بہتر ہوتی ہے اور پودا بہت سی بیج میں موجود بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کاشتکار بیج کو کیڑے مار اور پھپھوندی کش زہر لگا کر کاشت کریں تاکہ زمین سے بیج سے پیدا کردہ بیماریوں سے بچا جا سکے جس کیلئے امیڈاکلورپرڈ 70WS بحساب 5 گرام فی کلوگرام بیج یا تھایا میتھوگزام 70WSبحساب 3 گرام فی کلوگرام بیج اور سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ اس طرح نوزائیدہ پودے کیڑوں اور بیماریوں سے 25 دن تک محفوظ ہو جائیں گے نیز پودوں کی مطلوبہ تعداد کے حصول کیلئے کھیلیوں پر کاشت کی جائے اور اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کھیت میں پودے کا پودے سے فاصلہ 9 انچ تک رکھا جائے اور کوشش کی جائے کہ مئی کے مہینے میں پودوں کی فی ایکڑ تعداد 23 سے 35 ہزار تک ہو۔

متعلقہ عنوان :