سحر وافطار میں کھجور کا استعمال توانائی بحال رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے، ماہر ین طب

جمعرات 17 مئی 2018 13:54

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ماہر ین طب کے مطابق سحر وافطار میں کھجور کا استعمال توانائی بحال رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے، اگر آپ روزے کی حالت میں دن بھر توانا رہنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں کھجوروں کا استعمال بڑھا دیں، کھجوریں دوا بھی ہے اور بہترین غذا بھی ہیں۔ کھجوروں میں وافر مقدار میں پروٹین، کاربو ہائیڈریٹس، فائبر، وٹامن سی، وٹامن کے اور دیگر غذائی خصوصیات شامل ہوتی ہیں جو توانائی بحال رکھنے میں مفید ثابت ہوتی ہیں۔

کھجوروں کو روزانہ اپنی خوراک میں ضرور شامل کرنا چاہیے، خصوصا سحری میں اگر 5 سے 6 کھجوریں کھالی جائیں تو دن بھر چست رہنے کے ساتھ جسم میں توانائی برقرار رہے گی۔ ماہرین صحت کے مطابق کھجوریں خون میں اضافہ کرتی ہیں جو جسم کی قوت و طاقت بڑھاتا ہے اور دن بھر تھکن کا احساس بھی کم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کھجور میں وافر مقدار میں فائبر پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ نظامِ ہضم کو درست رکھتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی ہونے سے بچاتا ہے۔

کھجوروں میں زیرو کولیسٹرول پایا جاتا ہے، جس کے باعث یہ دل کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔کھجور قبض اور معدے کی تیزابیت کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے معدہ درست طور پر کام کرتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق کھجور میں تانبی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہڈیوں کو طاقت بخشتا ہے، ساتھ ہی اس میں بورون بھی پایا جاتا ہے جو ہڈیاں مضبوط بناتا ہے،کھجوروں کو بطور خوراک لینا بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے کے لئے موثر ثابت ہے اور اس کے علاوہ کھجوریں جسم میں قوت مدافعت بڑھاتی ہیں اور توانائی بخشتی ہے۔

متعلقہ عنوان :