مشترکہ حریت قیادت کی فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کل جمعہ کو احتجاجی مظاہروں کی کال

اقوام متحدہ فلسطین اور کشمیرمیں لوگوں کی نسل کشی روکنے اور ان دونوں تنازعات حل کیلئے کر دار ادا کرے‘مشترکہ قیادت

جمعرات 17 مئی 2018 14:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نہتے فلسطینیوں میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف کل برروز جمعہ پر امن مظاہروں کی کال دی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے پچاس سے زائد فلسطینیوں کے قتل اور سینکڑوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام جو خود بھی بھارتی جارحیت کا شکار ہیں اپنے فلسطینی بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔

انہوں نے اسرائیلی جارحیت کو انسانیت کے خلاف جنگ سے تعبیر کرے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر نماز جمعہ کے بعد پر امن مظاہرے کریں۔ مشترکہ قیادت نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین اور کشمیرمیں لوگوں کی نسل کشی روکنے اور ان دونوں تنازعات حل کیلئے کر دار ادا کرے۔