رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولیات ،بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ‘لاہور چیمبر آف کامرس

جمعرات 17 مئی 2018 14:28

رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولیات ،بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران عوام الناس کو اشیائے خورد و نوش اور دیگر اشیائے کی ضرورت ارزاں نرخوں پر فراہم کرکے اٴْن کی مشکلات کم کرے۔ انہوں نے حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولیات دے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروںنے کہا کہ اسلام ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے، کم وسائل والے لوگوں کا خیال رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے لہذا انہیںسہولیات فراہم کرنے کے لیے جہاں تک ممکن ہو تاجر برادری اپنا منافع حتی المقدور حد تک کم کردے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دالوں، گھی، کوکنگ آئل، پھلوں و سبزیوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی سے کم آمدن والے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہونگی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے لیسکو پر بھی زور دیا کہ وہ بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔