حکومت پنجاب کا فش فارمرز کی حوصلہ افزائی کیلئے مچھلی فارموں پر نصب ٹیوب ویلوں کیلئے رعائتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی کا اعلان

جمعرات مئی 14:39

فیصل آباد۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے فش فارمرز کی حوصلہ افزائی کیلئے مچھلی فارموں پر نصب ٹیوب ویلوں کیلئے رعائتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی کا اعلان کردیاہے جبکہ متعلقہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ محکمہ ماہی پروری کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت مچھلی پال حضرات کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ یہ افراد مچھلی کا گوشت پیداکرکے ملکی ضروریات میں معاون ثابت ہو سکیں۔

انہوںنے کہاکہ مچھلی کاگوشت زود ہضم ہونے کے ساتھ ساتھ شوگر اور دل کے امراض کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید ہے ۔انہوںنے کہاکہ خوشحال پاکستان کیلئے محنتی کسانوں اور مویشی پال افراد کے ساتھ ساتھ مچھلی پال حضرات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں لیکن روائتی ذرائع پر انحصارکے باعث وہ اپنی آمدنی میں اضافہ نہیں کر پارہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ محکمہ نے فش فارمرز کیلئے مختلف سہولیات اور تکنیکی مشاورت کاآغاز کردیاہے جس کے باعث مچھلی فارموں سے زیادہ سے زیادہ مچھلی کی پیداوار حاصل کی جاسکے گی۔

انہوںنے کہاکہ ایسی بیکار ، بنجر ،کلراٹھی ، ناقابل کاشت زمینیں جو کسی استعمال میں نہیںوہاں محکمانہ سفارشات کے تحت مچھلی فارم بنا کر اپنی آمدنی میں اضافہ کیاجاسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں محکمہ کی ویب سائٹ www.punjabfisheries.gov.pk سے بھی معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔