ڈی ایچ اے نے ڈان باسکوسمر کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

جمعرات مئی 14:55

لاہور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2018ء) ڈی ایچ اے نے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ڈان باسکوکو شکست دیکر ڈان باسکوسمر کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا، مہمان خصوصی محمود بٹ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری خالد بشیر، ایسوسی ایٹ سیکرٹری سید مودود جعفری اور ثاقب خان سمیت باسکٹ بال سے وابستہ نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھیں، ڈان باسکوسکول میں کھیلے گئے فائنل کا آغاز نہایت سنسنی خیز انداز میں ہوا، ڈان باسکو نے پہلے اوردوسرے کوارٹر میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سبقت حاصل کی جس پر ہوم کرائوڈ نے اپنی ٹیم کی بھرپورحوصلہ افزائی کی، تیسرے کوارٹر میں ڈی ایچ اے کلب کے کھلاڑیوں نے میچ پر کنٹرول حاصل کیا اور یکے بعد دیگرے پوائنٹ سکورکرکے سبقت حاصل کرلی، چوتھے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا لیکن عدنان اوراحمد بھٹی نے تھری پوائنٹ سکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، میچ کا سکور ڈی ایچ اے کلب کے حق میں 58-48 پوائنٹس رہا، فاتح ٹیم کی جانب سے عدنان نے 16 اور احمد بھٹی نے 15 جبکہ ڈان باسکو کی طرف سے عدیل رضا اورملک شان نے بالترتیب 17 اور10پوائنٹس سکورکئے، فائنل میں امپائرنگ کے فرائض محمد نوید، خرم خان اور یاسر علی جبکہ شہباز خان نے سکورر کے فرائض انجام دیئے، اختتامی تقریب میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے رمضان المبارک ٹورنامنٹ کا بھی اعلان کیا گیا جو دس سے پندرہویں روزے تک کھیلا جائیگا۔