اوگی بازار میں جیپ کی ٹکر سے 12 سالہ لڑکا کچل کر جاں بحق

جمعرات 17 مئی 2018 16:02

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) اوگی بازار میں 12 سالہ لڑکا جیپ کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شنگلی بانڈی کے گائوں نیل بٹلہ کا 12 سالہ مبشر اپنے والد کے ساتھ اوگی بازار آیا ہوا تھا، جب وہ جیپ سے اتر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی دوسری جیپ بے قابو ہو کر آگے کھڑی کیری سوزوکی سے جا ٹکرائی جس سے کیری سوزوکی مذکورہ لڑکے کی جیپ سے جا ٹکرائی جس سے درمیان میں کھڑا یہ لڑکا بری طرح کچل کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پر بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ ٹریفک پولیس کے ٹی او بشیر خان اور کہار خان بھی موقع پر پہنچ گئے۔ بعد میں ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ اوگی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے رپورٹ درج کر لی۔ مبشر دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، ان کی حادثاتی موت پر ہر شخص سوگوار تھا۔ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش لواحقین کے حوالہ کر دی گئی۔