ایبٹ آباد میں بدترین ٹریفک جام کے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی نے انتظامیہ کو 15 دن کی ڈیڈ لائن دیدی

جمعرات 17 مئی 2018 16:02

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ایبٹ آباد میں بدترین ٹریفک جام کے مسائل اور حادثات پر قابو پانے کیلئے جماعت اسلامی ایبٹ آباد نے انتظامیہ کو 15 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ایبٹ آباد کی سول سوسائٹی، تاجر برادری اور شہریوں کے ہمراہ بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ٹریفک مسائل حل نہ ہونے کی صورت پر ہر شہری کے بازوئوں پر کالی پٹیاں باندھنے کے علاوہ ایبٹ آباد کی دکانوں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کے علاوہ زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

اس حوالہ سے جماعت اسلامی کے خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 39 سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار امجد خان نے عمائدین کے ہمراہ یہاں صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت ایبٹ آباد میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، ٹریفک اژدھام کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، ایمبولینسوں پر زخمی اور سیریس مریض ٹریفک جام کے باعث راستہ میں دم توڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور این ایچ اے حکام کو 15 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر 15 دن کے اندر ٹریفک مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو جماعت اسلامی سول سوسائٹی، تاجر برادری اور شہریوں کے ہمراہ تحریک شروع کر دے گی۔ پہلے مرحلہ میں ہر شہری کے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھنے کے علاوہ ایبٹ آباد کی سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں اور ٹرانسپورٹ پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔ امجد خان نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ میں شہریوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور نتائج کی ذمہ داری کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور این ایچ اے حکام پر عائد ہو گی۔