کراچی میں پہلے روزے کو ہی شدید گرمی، شہری بلبلا اٹھے

کراچی میں گرمی کا یہ زور پورے ہفتے ہی جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

جمعرات مئی 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2018ء) شہر قائد میں رمضان المبارک کے پہلے ہی روزے شدید گرمی،، سمندری ہوائوں کی بندش اور بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔ ملک بھر کی طرح روشنیوں کے شہر کراچی میں بھی جمعرات کو پہلا روزہ ہے لیکن شدید گرمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

شہر کا موجودہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے۔ تاہم سمندرکی جانب سے چلنے والی ہوائوں کی بندش اور حبس کے باعث گرمی کی شدت 42 ڈگری محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کا یہ زور پورے ہفتے ہی جاری رہے گا۔دوسری جانب شہر کے متعدد علاقوں میں رمضان المبارک کی آمد کے باوجود بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

اس ضمن میں شہریوں نے بتایا کہ فنی خرابی اور فیڈر ٹرپنگ کے نام پر بجلی بند کی جارہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں لانڈھی، کورنگی، ایف سی ایریا، سرجانی ٹائون، کیماڑی، نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ جبکہ سوکواٹرز، بلدیہ ٹائون، اسکیم 33 اور سرجانی سیکٹر 7 اے ۔بی۔4میں بھی بجلی بندرہی۔ترجمان کے الیکٹرک نے رمضان میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پرانا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ بن قاسم پاور اسٹیشن کے پرزے کی تنصیب کا کام مکمل ہونے کے بعد لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔ 20 مئی تک پرزے کی تنصیب کاکام مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

Your Thoughts and Comments